Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ نے عید کی چھٹیوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کا سختی سے نوٹس لیا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عید الاضحی اور چودہ اگست کی چھٹیوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات اور غیر موثر ٹریفک منیجمنٹ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ پولیس کو تین دنوں کے اندرفیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے محکمہ پولیس کو لکھے جانے والے خط کے مطابق حادثات کے باعث متعدد اموات واقع ہوئی،جبکہ ہسپتالوں کے ریکارڈز کے مطابق زیادہ تر حادثات موٹر سائیکل سواروں کی وجہ سے ہوئی۔ مزید براں موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے کی متعدد رپورٹس موصول ہوئی، کم عمر کے بچے موٹر سائیکل، رکشے اور گاڑیاں چلاتے رہے،جبکہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ضرورت سے کم رہی۔ ضلع ایبٹ اباد میں غیر موثر ٹریفک منیجمنٹ کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی روانی بند رہی ،جس کے باعث عوام اور مختلف اضلاع سے آنے والے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ مستقبل کے لئے قوانین کے نفاذ کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ اس قسم کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے اس حوالے سے اگلے ہفتے متعلقہ محکموں کا جائزہ اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
………………………..

دریں‌اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع اورکزئی میں ہیڈکوارٹرایسی جگہ قائم کرنے کی ضرورت سے اصولی اتفاق کیا ہے جس تک پورے ضلع کے عوام کی رسائی ممکن ہو اور عندیہ دیا ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔انہوں نے ضلع اورکزئی میں سالانہ ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور وہاں کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات باہم پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام قبائلی اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بحالی اور وہاں پر زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے پرعزم ہے انہوں نے کہا ہے کہ ضلع اورکزئی میں سڑکوں کی تعمیر اوربحالی و مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ضلع کوہاٹ اور ضلع اورکزئی کے مختلف قبیلوں کے درمیان زمین کے تنازعے کو جرگہ کے ذریعے مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعمیراتی منصوبوں سے نقائص اور کرپشن ختم کرنے کیلئے ای ٹنڈرنگ، ای بڈنگ اور ای بلنگ متعارف کی ہے جس سے تعمیراتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے جائیں گے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ضلع اورکزئی سے آئے ہوئے عمائدین کے ایک جرگے سے گفتگو کر رہے تھے ۔جرگے کے اراکین میں ضلع اورکزئی کے سنیٹر اورنگزیب خان، قبائلی ضلع اورکزئی سے نو منتخب ایم پی اے غزن جمال اور دوسرے عمائدین شامل تھے ۔ عمائدین نے وزیراعلیٰ کو ضلع اورکزئی میں عوام کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ادراک ہے۔ ابھی تھوڑے مشکلات اور مسائل ضرور ہےں لیکن بہت جلدان تمام ضم شدہ اضلاع کے عوام کی مشکلات ، مسائل اور محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ اب سابقہ فاٹا صوبہ خیبرپختونخوا میں باقاعدہ طور پرضم ہوچکا ہے اور وہ دن دور نہیں کہ ہر قبائلی ضلع صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی پہاڑی علاقہ جات سے تعلق رکھتے ہےںاور قبائلی اضلاع کے عوام کے مسائل سے باخبر بھی ہے۔ قبائلی اضلاع کے انضمام کا مقصد یہی تھا کہ صوبائی حکومت ان اضلاع کے عوام کے مسائل خوش اسلوبی سے حل کرسکے۔ وزیراعلیٰ کاکہنا تھا کہ صوبے میں نئے ضم شدہ اضلاع میں صوبائی جنرل الیکشن کا انعقاد صوبائی حکومت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ اب ان اضلاع کے اپنے منتخب نمائندے صوبائی اسمبلی کا حصہ ہونگے جس سے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور دیگر مسائل مزید آسانی کے ساتھ حل کئے جا سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
……………………..

وزیراعلیٰ‌کی کوئٹہ دھماکہ کی مذمت، بے گناہ جانوں‌کی ضیاع پردکھ اوررنج کا اظہار
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے کوئٹہ کے علاقہ کچلاک میں واقع مدرسہ میں ہونے والے دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور معصوم اوربے گناہ جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے کی اجازت نہیں دیتاجبکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور مذہب کے منافی فعل ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہیدوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہناتھا کہ اس طرح معصوم شہریوں پرحملہ ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کیجائے ،کم ہے۔شہداءکی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی،پوری قوم متحد ہے، ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا صفایا ہو کر رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی اور شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
25007