Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ محمود خان کا دورہ سوات، عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں کا افتتاح – تحریر : زار ولی ذاہد

شیئر کریں:

اشاعت خصوصی


وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے روز اپنے آبائی ضلع سوات کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے عوامی فلاح و بہود کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں سیدو میڈیکل کالج میں ہاسٹل، لیکچر تھیٹرز،لیبارٹریز، آڈیٹوریم، سیدو کالج آف ڈینٹسٹری میں ہاسپٹل بلاک، کالج بلاک اور باو ¿نڈری وال کی تعمیر کے علاہ سیدو ٹیچنگ ہسپتال میں کیتھرائزیشن لیب اور ریجنل بلڈ سنٹر کا قیام شامل ہیں۔ سیدو میڈیکل کالج میں ہاسٹل، لیکچر تھیٹرز، لیبارٹریز اور آڈیٹوریم سمیت دیگر تعمیرات کے اس منصوبے پر مجموعی طور پر 1.1 ارب روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت ایناٹومی، پیتھالوجی، فزیالوجی، بائیوکیمسٹری، کمیونٹی میڈیسن اور فارماکالوجی پر مشتمل اکیڈمک بلاک اور مین ایڈمنسٹریشن آفس، سٹوڈنٹس آفیئرز سیکشن، اسٹیبلشمنٹ سیکشن اور اکاونٹ سیکشن پر مشتمل ایڈمنسٹریشن بلاک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے جس کا وزیراعلیٰ نے باضابطہ افتتاح کیا۔

chitraltimes cm kpk mahmood khan swat visit 1

منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت بوائز ہاسٹل، ڈاکٹرز ہاسٹل، پیرامیڈیکس ہاسٹل، آڈیٹوریم، نرسنگ ہاسٹل اور کیفے ٹیریا کی تعمیر کی جائے گی۔ نو قائم شدہ سیدو کالج آف ڈینٹسٹری میں ہاسپٹل بلاک، کالج بلاک، اندرونی سڑکوں کی تعمیر اور باو ¿نڈری وال کی تعمیر کے منصوبے پر 71 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی کوششوں سے سیدو میڈیکل کالج کے لئے 1.3 ارب روپے مالیت کے جدید طبی آلات کی خریداری کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ میڈیکل کالج میں اس وقت بارہ مختلف شعبوں میں ایف سی پی ایس اور ایم سی پی ایس ٹریننگ کی سہولت موجود ہے۔ میڈیکل کالج میں افتتاح کئے جانے والے دو لیکچر تھیٹرز، لیبارٹریز اور آڈیٹوریم سے کالج کی نشستیں 100سے بڑھ کر 150 ہو جائےں گی۔ اور میڈیکل کالج کی نئی عمارت میں جلد کلاسوں کا اجرا ءکیا جائے گا۔


سیدو میڈیکل کالج میں اس وقت طلبہ کی تعلیم و تدریس کے لئے 97 فیصد سرٹیفائیڈ اساتذہ دستیاب ہیں ۔ سوات میں جدید سہولیا ت سے آراستہ ڈینٹل کالج اور ہاسپٹل کا قیام بلاشبہ ایک تاریخی اقدام ہے جس کا کریڈٹ موجودہ صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ محمود خان کو جاتا ہے ۔ اس کالج کا قیام علاقے کے عوام کی دیرینہ خواہش اور وقت کی ایک اہم ضرورت تھی جسے موجودہ صوبائی حکومت نے پورا کردیا۔ اس کالج کے قیام سے نہ صرف سوات بلکہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے طلبہ مستفید ہونگے۔ڈینٹل کالج میں اسی سال اکیڈیمک سیشن کا آغاز کیا جائے گا اور پہلے سیشن میں 50 طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔

chitraltimes cm kpk mahmood khan swat visit 3


وزیراعلیٰ نے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال میں کیتھ لیب کا بھی افتتاح کیا جس پر 17کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال ملاکنڈ ڈویژن کا واحد تدریسی ہسپتال ہے جو ملاکنڈ ڈویژن کی تقریباًایک کروڑ آبادی کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ ہسپتال میں دل کے مریضوں کو علاج معالجے کی بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے کیتھ لیب کی ضرورت ایک عرصے سے محسوس کی جارہی تھی جسے موجودہ حکومت نے پورا کر دیا ۔ سیدو گروپ آف ہسپتال میں کیتھ لیب نے سال 2021 کے آخر میں کام شروع کیا تھا اور اب تک یہاں پرا مراض قلب کے351 مریضوں کا مفت علاج کیا جاچکا ہے۔ روزانہ کی بنیادوں پر اس لیب میں چھ مریضوں کی انجیوگرافی، انجیو پلاسٹی اور سٹنٹ کئے جاتے ہیں۔ اس لیب میں انجیوگرافی کے 179، انجیو پلاسٹی کے 139 اور پیس میکر کے چار کیسز کامیابی سے کئے جا چکے ہیں، اور علاج معالجے کی ساری سہولیات صوبائی حکومت کے غریب پرور پروگرام صحت کارڈ اسکیم کے تحت مفت فراہم کی جارہی ہیں۔


اسی طرح وزیراعلیٰ نے سوات میں نو قائم شدہ ریجنل بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں اس سنٹر نے سال 2020 سے کام کا آغاز کیا تھا تب سے اب تک اس سنٹر کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی ہے۔ اب تک اس سنٹر نے مختلف ہسپتالوں اور تھیلیسمیا فاو ¿نڈیشن کو ساڑھے اڑتالیس ہزار خون کے تھیلے مفت فراہم کئے ہیں۔ ریجنل بلڈ سنٹر نے اب تک سیدو گروپ آف ہسپتالوں کو37,392، وجیہہ تھیلیسمیا فاو نڈیشن کو 3363 ، میاں گل جہانزیب کڈنی ہسپتال کو 669 ڈی ایچ کیو ہسپتال تیمر گرہ کو 303، ڈی ایچ کیو ہسپتال اپر دیر کو 479 ، ٹی ایچ کیو ہسپتال چکدرہ کو 301، ڈی ایچ کیو ہسپتال شانگلہ کو 510، ڈی ایچ کیو ہسپتال بونیر کو 404، الفجر تھیلیسمیا فاو نڈیشن کو 513، مردان میڈیکل کمپلیکس اور نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس کو 1,444، ٹی ایچ کیو ہسپتال درگئی کو 542 اور حیات میڈیکل کمپلیکس کو 444 خون کے تھیلے فراہم کئے ہیں۔

chitraltimes cm kpk mahmood khan swat visit 2

اس موقع پر سیدو میڈیکل کالج میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت کا شعبہ شروع دن ہی سے پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے اور حکومت اس شعبے کو جدید عصری تقاضوں کے مطابق مستحکم اور عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صحت کارڈ پلس اسکیم کو اپنی حکومت کا ایک غریب پرور اور فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے تحت صوبے کی سو فیصد آبادی کو ملک بھر کے منتخب نجی و سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہےں ۔ صوبائی حکومت نے اس اسکیم کو مزید جامع بنانے کے لئے گردوں کے مفت علاج معالجے کو بھی اس میں شامل کردیا ہے۔ جبکہ جگر کی پیوند کاری اور کینسر کے مہنگے علاج کو بھی اس میں شامل کرنے پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس اسکیم کی افادیت کو سامنے رکھتے ہوئے مفت اوپی ڈی سروسز کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔


محمود خان نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران صوبے کے میڈیکل کالجوں کی نشستوں کو 1300سے بڑھا کر 1750 کردیا گیا ہے جو صوبے کے میڈیکل کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ سوات میں صحت کے شعبے کی ترقی کے لئے اپنی حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھا کہ 300 بستروں پر مشتمل پیڈز ہسپتال کا قیام ، سیدو گروپ آف ہاسپٹل میں کارڈیالوجی اور گائنی یونٹس کا قیام، ٹراما ، ایکسیڈنٹ اینڈ ایمر جنسی سنٹر کا قیام، سکول آف نرسنگ کا قیام، متعدد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں ، دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز کی صحت کی اپگریڈیشن سمیت دیگر منصوبے موجودہ صوبائی حکومت کے اہم اقدامات ہیں جن کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات مقامی سطح پر میسر ہونگی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سیدو میڈیکل کالج کے انتظامی ، تدریسی، اور طبی امور کو ڈیجیٹائز کرنے اور کالج میں بجلی کی فراہمی کے لئے کالج کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان بھی کیا۔


اپنے ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے سوات پریس کلب کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سوات پریس کلب اور سوات یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ سے حلف بھی لیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سوات کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے موقع پر موجودہ متعلقہ حکام کو ضروری اقدمات کی ہدایت کی۔

میڈیکل کالجوں
chitraltimes cm kpk mahmood khan swat visit 4



شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
57362