Chitral Times

Jun 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخواہ میں غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو آج رات تک شیڈول جاری کرنے کی حتمی ڈیڈلائن دیدی

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخواہ میں غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو آج رات تک شیڈول جاری کرنے کی حتمی ڈیڈلائن دیدی

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخواہ میں غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو آج رات تک شیڈول جاری کرنے کی حتمی ڈیڈلائن دے دی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر توانائی اور وفاقی حکومت کو واضح اور دو ٹوک پیغام دیا کہ خیبر پختونخواہ میں جاری ظالمانہ لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لئے بار بار بات کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے، ہم مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے کی بات کرتے ہیں مگر آپ شرافت کی زبان کو کمزوری سمجھتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت پر واضح کیا کہ ہماری شرافت کو کمزوری نا سمجھا جائے، اگر آج رات تک لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لئے شیڈول جاری نہ ہوا اور ناروا لوڈ شیڈنگ کا خاتمی نہ کیا گیا تو وہ چیف پیسکو کے آفس جاکر خود شیڈول جاری کریں گے۔ پیسکو چیف اگر صوبے میں رہے گا تو میرے شیڈول کے مطابق چلے گا۔ وزیر اعلی نے واضح کیا کہ اگر کل تک لوڈشیڈنگ کا معاملہ ٹھیک نہ ہوا تو کل ہم بجلی کا سارا سسٹم ٹیک اور کر لیں گے، یہ ہماری طرف سے دھمکی نہیں بلکہ ٹائم لائن ہے۔ اس کے بعد بجلی آن آف کرنے کا بٹن صوبے کے لوگوں کے ہاتھ میں آئے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پھر ہم دیکھیں گے کہ آپ لوگ ہماراحق کیسے نہیں دیتے، ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ صوبے کے واجبات میں سے کٹوٹی کرکے ہمارے لوگوں کو چور کہنے کی بجائے انہیں ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ ہم سستی بجلی بنا کر وفاق کو دے رہے ہیں اور پھر وہی بجلی ان سے مہنگی خریدنے پر مجبور ہیں، اس کے باوجود صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ لوگ مینڈیٹ چوری کرکے اقتدار میں بیٹھے ہیں اور صوبے کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں،آپ میرے صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور میرے لوگوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ وزیر اعلی نے واضح پیغام دیا کہ اگر آپ لوگ میرے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالیں گے تو میں آپ کو آرام سے بیٹھنے نہیں دوں گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
88871