Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ‌کا دورہ سوات ، اربوں‌روپے کے پراجیکٹس کا افتتاح

Posted on
شیئر کریں:

سوات (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے2 ارب روپے کی خطیر لاگت سے مٹہ ،خوازہ خیلہ اور دیگر ملحقہ دیہات کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔ منصوبے سے ایک لاکھ سے زائد آبادی کو فائدہ ہو گا۔ اُنہوںنے تحصیل مٹہ میں چپریال روڈ کا بھی افتتاح کیا جس سے تقریباً65 ہزار لوگ مستفید ہوں گے۔اُنہوںنے چپریال میں نادرا آفس کے قیام اور بوائز ہائر سیکنڈری سکول کی تعمیر نو کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج سابقہ فاٹا کے نئے اضلاع سمیت پورے خیبرپختونخوا میںترقی کا نیا دور شروع ہے ۔ ہم ذاتی مفادات کی بجائے پاکستان کی سوچ کو عام کریں گے ۔ عمران خان نے ہمیں انسانیت کی بے لوث خدمت کا درس دیا ہے ۔ ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے گامزن ہیں۔ عیاش حکمرانوں کے پیدا کردہ سخت حالات جلد ختم ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے تحصیل مٹہ ضلع سوات میں گیس فراہمی کے منصوبے اور چپریال روڈ کی تعمیر کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بھی تقریب سے خطاب کیاجبکہ صوبائی وزیر محب اﷲ خان، چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل مٹہ میں بریم کے مقام پر گیس فراہمی کی سکیم کا باضابطہ افتتاح کیا جس کے تحت خوازہ خیلہ کیلئے 12 انچ قطر کی 32کلومیٹر طویل گیس سپلائی لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ چمتالئی کیلئے 8 انچ قطر کی 9.2 کلومیٹر طویل گیس سپلائی لائن شامل ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سکیم کی تکمیل سے تحصیل مٹہ اور گردو نواح کے درجنوں دیہات کو سوئی گیس کی سہولت مہیا ہو جائے گی۔ اُنہوںنے انکشاف کیا کہ مٹہ کیلئے بجلی کے مزید4 فیڈرز بھی منظور ہو چکے ہیںجس سے لوڈ شیدنگ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ ذاتی مفادات اور پارٹی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر خیبرپختونخوا کی خدمت کیلئے کام کر رہے ہیں ، مفادات پر مبنی سوچ ختم کرکے پاکستان کی سوچ کو عام کریں گے اور یہی عمران خان کا وژن ہے جس کے تحت پورے صوبے میں ترقیاتی اور فلاحی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اُنہوںنے عوام سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ ترقی اور فلاح کے منصوبوں کیلئے زمین کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے جذبہ ایثار سے کام لیں۔ یہ اجتماعی مفاد کے منصوبے ہیں جن کی کامیاب تکمیل یقینی بنانے کیلئے عوام نے بھی اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ محمود خان نے کہاکہ وہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں کیونکہ عوام کی خدمت کیلئے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ جن لوگوں نے عوام کو دھوکہ دیا اور اپنی لوٹ مار میں مصروف رہے وہ آج جیلوں میں ہیں ۔ باشعور عوام نے اُن کی مفاد پرستی پر مبنی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ ڈاکو اور عیاش حکمرانوںنے قوم کے بچے بچے کو مقروض بنا دیامگر اُن کے پیدا کردہ سخت معاشی حالات جلد ختم ہو جائیں گے کیونکہ قوم کووزیر اعظم عمران خان جیسا نڈر اور مخلص رہنما مل گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں مختلف شعبوں میں جاری اقدامات کی تکمیل سے عوام کے مسائل حل ہو ں گے ۔ نئی یونیورسٹیوں ، کالجوں ، شاہراہوںاور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں سے پورے خطے کی ترقی ممکن ہوگی۔ وزیراعلی نے واضح کیا کہ سوات میں سیاحت کی صنعت کو ترقی دی جارہی ہے جس سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا۔اُنہوںنے کہاکہ احساس پروگرام کااجراءخیبرپختونخوا سے کیا جا رہا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت غریبوں ، بیواﺅں اوریتیموں کی کفالت رہائش اور تعلیم و تربیت کی ذمہ داری حکومت کی ہو گی ۔ پروگرام کو بتدریج پشاور ، سوات ، ایبٹ آباد ، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر تمام اضلاع میں شروع کیا جائے گا۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی دونوں کو فعال بنا دیا ہے اور بہت جلد مواصلات کا ایک بہترین نیٹ ورک سامنے آئے گاجس سے تجارت ، صنعت ، سیاحت اور مجموعی طور پر معیشت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اُنہوںنے اس موقع پر یقین دلایا کہ سوات میں میڈیا کالونی کا وعدہ بھی جلد پورا کر دیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
24600