Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیِ نے پشاور میں اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ سکلز لیب کا افتتاح کردیا

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعلیِ نے پشاور میں اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ سکلز لیب کا افتتاح کردیا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پیر کے روز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں نئے قائم کئے گئے کلینیکل سکلز لیب کا باضابطہ افتتاح کردیاہے۔ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ سکلز لیب 37 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے جو پورے ملک میں سرکاری سطح پر اپنی نوعیت کا واحد لیب ہے۔ اس سکلز لیب میں میڈیسن ، سرجری ، گائنی ، پیڈز اور دیگر تمام سپیشلٹیزمیں ڈاکٹروں کی تربیت کیلئے جدید آلات نصب کئے گئے ہےں جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کو تربیت کیلئے باہر نہیں جانا پڑے گا بلکہ یہ جدید سہولت مقامی سطح پر دستیاب ہوگی۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ محمود خان تھے۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا ، کامران بنگش، بیرسٹر محمد علی سیف بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ پشاور سے منتخب اراکین صوبائی اسمبلی آصف خان، ملک واجد اور ارباب وسیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت اور پی جی ایم آئی کی انتظامیہ کو اسکلز لیب کے قیام پر  مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس لیب کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے بین الاقوامی معیا ر کے مطابق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور بلا شعبہ میڈیکل کے شعبے میں تربیت فراہم کرنے والا ایک بہترین ادارہ ہے جو مذکورہ سکلز لیب کے قیام کے بعد ملک بھر میں جدید طرز کے لیب کا حامل پہلا سرکاری ادارہ بن چکا ہے۔محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت  نے صحت کے شعبے میں بے مثال اصلاحات متعارف کرائی ہیں کیونکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو جدید خطوط پر ترقی دینا شروع دن سے حکومت کی ترحیج رہی ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ایک طرف صوبے میں پہلے سے موجودصحت سہولیات کو  اپگریڈ کر رہے ہیں تو دوسری طرف جدید ترین اداروں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی تجدید کاری کی جارہی ہے جبکہ بنیادی مراکز صحت اوررورل ہیلتھ سنڑز کو24/7 مراکز صحت میں تبدیل کرنے پر کام جاری ہے، اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کے مختلف ریجنز میں چار بڑے ہسپتال قائم کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں پہلے سے موجود بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بو جھ کم کیا جاسکے اور لوگوں کو مقامی سطح پر صحت کی معیاری سہولیات میسر آسکیں۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ انہوں نے حکومت میں آتے ہی ادویات کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے، ڈاکٹر و دیگر طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے، پرانے مراکز صحت کو اپگریڈ کرنے اورعوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور اس سلسلے میں متعدد اصلاحاتی اور ترقیاتی اقدامات مکمل کئے گئے ہےں جن کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے صحت کے شعبے میں واضح تبدیلی آئی ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ صحت کارڈ پلس منصوبہ صوبائی حکومت کا ایک عوام دوست اور غریب پرور منصوبہ ہے جس سے صوبے کی سو فیصد آبادی بلا امتیاز مستفید ہو رہی ہے۔ صوبے کے عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ وزیر اعظم کو یہ بھی نہیں معلوم کہ پورے خیبرپختونخوا میں لوگ علاج معالجے کی مفت سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پٹرول کی قیمتوں کا فیصلہ تک نہیں کر پا رہی باقی فیصلے کیا کرے گی، انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی حقیقی آزادی اور خود مختاری کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں، عمران خان کی کال پر عوام کا جم غفیر سڑکوں پر نکلے گا، ملک میں جلد الیکشن ہونگے اور عمران خان دو تہائی اکثریت سے دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہونگے، اور ملک میں 1860 سے نافذ قوانین میں اصلاحات کریں گے۔صوبے کے حقوق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے واضح کیا کہ وہ امپورٹڈ وفاقی حکومت سے صوبے کا حق چھین کر لیں گے، اور اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
قبل ازیں وزیرصحت تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے خطاب میں صحت کے شعبے میں کی گئی اصلاحات و دیگر اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی جی ایم آئی ڈاکٹر محمد عارف نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد اکبر ، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد فیصل اور ہسپتال کا دیگر عملہ بھی موجود تھا۔
<><><><><><><><>

 

chitraltimes cm mahmood inagurating abbottabad bypass road

وزیراعلیِ نے ضلع ایبٹ اباد میں دو اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پیر کے روز ضلع ایبٹ اباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دو اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے 18 کلو میٹر طویل دھمتوڑ بائی پاس روڈ کا افتتاح کیا جو 3.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا جو 24 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے لئے تاریخی جلسے کے انعقاد پر ایبٹ آباد کے پارٹی کارکنان اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد دورے کا مقصد کارکنان اور عوام کو آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کی دعوت دینا ہے ، آزادی مارچ کو کامیاب بنانے میں ایبٹ آباد سمیت پورے خیبرپختونخوا کا سب سے اہم کردار ہوگا۔ محمود خان نے کہا کہ زبردستی حکمران بنائے گئے نااہلوں کو پتہ بھی نہیں کہ وہ کس دلدل میں پھنس گئے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کے پاس عوام کے لئے نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ منصوبہ یہ صرف اپنے کیسز ختم کرانے اور چوری چھپانے کے لئے اقتدار میں آئے ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ سازش کے تحت مسلط کی گئی حکومت ہفتہ دس دن کی مہمان ہے اور بہت جلد انتخابات ہونگے اور انشاءاللہ اگلے انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے چاروں صوبوں اور وفاق میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زرداری انتخابی اصلاحات کی بات کرتے ہیں لیکن وہ پہلے سندھ میں تو اصلاحات کریں ، سنیما ٹکٹ بلیک میں فروخت کرنےوالا خاک اصلاحات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس پر فرد جرم عائد ہونا تھی وہ ملک کا وزیراعظم بن گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے اکثر کابینہ اراکین ضمانتوں پر ہےں اور خود کو وزیراعظم کہنے والے کو یہ بھی نہیں معلوم کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو سالوں سے لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پی ٹی آئی کے شروع کئے گئے منصوبوں پر اپنے ناموں کی تختیاں لگانا چاہتی ہے جو وہ کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہئیے یہ برملا جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہے ہیں۔ عمران خان وہ واحد لیڈر ہےں جو قوم کی خود مختاری کے لئے سینہ تان کر کھڑے ہےں اور یہ عمران خان کی ذات یا جماعت کی نہیں بلکہ قوم کی خود مختاری اور حقیقی آزادی کی جنگ ہے اور اس جنگ میں ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہےں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بہتر مستقبل اور روشن پاکستان کے لئے عمران خان کا ہاتھ مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کی قیادت میں وہ مقصد حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے جس کےلئے پاکستان بنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تناول انٹر چینج کا منصوبہ اگلے بجٹ میں شامل کیا جائے گا جبکہ حویلیاں ہسپتال کی اپگریڈیشن اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے بھی آئندہ بجٹ کا حصہ بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایوبیہ چیئر لفٹ کا مسئلہ بھی حل کردیا جائے گا اور اگلے دورے کے دوران ٹھنڈیانی روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کی تجدید کاری کا بھی جلد سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی سیٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت ایبٹ آباد کےلئے 12 ارب روپے کے مختلف منصوبے رکھے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا کالونی کے قیام کے حوالے سے کہا کہ میڈیا کالونی کے لئے زمین کی خریداری کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ضروری کاروائی عمل میں لائےں۔ قائم مقام گورنرخیبرپختونخوا مشتاق احمد غنی ، اراکین صوبائی اسمبلی قلندر خان لودھی ، نذیر عباسی ، مومنہ باسط اور سابق ایم این اے علی خان جدون نے بھی ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔
<><><><><><><><>

chitraltimes cm mahmood and acting governor addressing abbottabad


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61224