Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم عمران خان کی گلگت بلتستان کے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

Posted on
شیئر کریں:

گلگت بلتستان(چترال ٹائمزرپورٹ)وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں سکردو میں 26میگا واٹ کے شگر تھان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ‘34.5میگا واٹ کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور سکردو میں 250 بستروں کے ہسپتال کے سنگ بنیاد کے علاوہ گلگت بلتستان میں رینجل گریڈ فیز ون کے منصوبے شامل ہیں۔ 26میگا واٹ کے شگر تھان پن بجلی پر نظر ثانی شدہ پہلی منظور شدہ لاگت 4ارب 84کروڑ روپے اور دوسری نظر ثانی شدہ پی سی ون کی لاگت 7ارب 11کروڑ روپے ہے۔ یہ منصوبہ گلگت بلتستان کا بجلی اور پانی کا محکمہ مکمل کرے گا اور یہ 48 ماہ میں مکمل ہوگا۔ منصوبے سے بجلی کے حصول کے لئے 132کے بی کے 16کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن اور دو گریڈ سٹیشن قائم کئے جائیں گے جبکہ دو پلوں اور پاور ہاؤس سے 10کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر سمیت 18کلو میٹر کی موجودہ دو رویہ سڑک کو تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعظم سکردو سے تقریباً 75کلو میٹر شمال مغرب 34.5میگا واٹ کے پن بجلی منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے’جس پر پی سی ون کے تحت لاگت کا تخمینہ 9ارب 50 کروڑ روپے ہے یہ منصوبہ واپڈا مکمل کرے گا جس پر 72ماہ کا عرصہ لگے گا۔ اس منصوبے کے تحت دریائے سندھ پر ایک پل سمیت پاور ہاؤس تک 1.5کلو میٹر طویل سڑک کے ساتھ ساتھ 9.5کلو میٹر موجودہ سڑک کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔وزیراعظم گلگت بلتستان میں فیز ون کے تحت علاقائی گریڈ کے قیام کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے جس پر منظور شدہ لاگت کا تخمینہ 4ارب 95 کروڑ 91لاکھ سے زائد ہے اور یہ منصوبہ 48ماہ میں مکمل ہوگا۔ منصوبے کے تحت 132 کے وی کے 195کلو میٹر اور 66کے وی کے 54کلو میٹر طویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیں گی اور 132/66/11 کے وی کے چار اور 66/11 کے وی کے دو گریڈ سٹیشن قائم کئے جائیں گے جنہیں گلگت‘ہنزہ‘نگر‘ استور’سکردو(ہرپو) سے ملایا جائے گا۔ گلگت بلتستان کا بجلی اور پانی کا محکمہ اس منصوبے کو مکمل کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان سکردو میں پہلے مرحلے کے تحت 250 بستروں کے ہسپتال کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے‘ دوسرے مرحلے میں بھی 250بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس ہسپتال سے 6لاکھ افراد کو علاج کی سہولیات حاصل ہوں گی۔ اس پر پہلے مرحلہ میں لاگت کا تخمینہ 3 ارب روپے اور رواں مالی سال 2019-20ء کے وفاقی پی ایس ڈی پی میں 40 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ ہسپتال حسین آباد سکردو میں قائم کیا جائے گا اور اس کے لئے 500کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔

pm imran visit GB gurard of honor

pm imran visit GB and innaugurates development projects

pm imran visit GB receive by gbcm hafiz
.
وزیراعظم عمران خان کی گلگت میں یادگار شہداء پر حاضری، پھول چڑھائے
اسلام آباد(سی ایم لنکس) وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو گلگت آمد کے بعد یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔ وزیراعظم گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبو ں کا افتتاح اور جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ جمعہ کی صبح وفاقی دارالحکومت سے گلگت بلتستان پہنچے تھے۔

.
گلگت بلتستان کے لوگوں نے قربانی دے کر اپنا علاقہ ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا، یہ علاقہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا گیٹ وے ہے دنیا میں گلگت بلتستان سے زیادہ خوبصورت کوئی علاقہ نہیں،وزیراعظم عمران خان
گلگت(آئی آئی پی) وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں نے قربانی دے کر اپنا علاقہ ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا، یہ علاقہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا گیٹ وے ہے دنیا میں گلگت بلتستان سے زیادہ خوبصورت کوئی علاقہ نہیں ہم نے سیاحت کے فروغ کے لئے دنیا کے70ممالک کے سیاحوں کے لئے ویزہ کو آسان بنادیا ہے، سیاحت کے فروغ سے علاقے میں خوشحالی آئے گی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں اپنا آخری پتہ کھیل لیا ہے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتی جیسے ہی کرفیو اٹھے گا انسانوں کا سمندر باہر نکل کر آزاد مانگے گا پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔کشمیریوں کاسفیر اور ترجمان ہوں ساری دنیا میں وکیل بن کر ان کی وکالت کروں گا۔ وزیراعظم گلگت میں یوم آزادی پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ 1947 میں گلگت بلتستان کے لوگوں نے آزادی کی جنگ لڑی اور 1948 میں ڈوگرہ راج سے اپنے علاقے کو آزاد کرایا۔1947 کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ کی طاقت ہمیں انسانوں کے سامنے جھکنے نہیں دیتی، پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، مدینہ کی ریاست ہمارے لئے ایک مثال ہے اور اس ریاست نے بھی دنیا کی بڑی طاقتوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا تھا پاکستان اللہ تعالی کا ایک خاص تحفہ ہے، ہم نے انہیں اصولوں پر چلنا ہے جس پر مسلمان ایک عزیم قوم بنے تھے۔ عدل وانصاف کے نظام کے قیام سے معاشرے میں برکت آئے گی اور یہی نظام مدینہ کی ریاست کا بنیادی اصول تھا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کا گیٹ وے ہے چین دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے اور یہ علاقہ ہمیں چین کے ساتھ ہمیں ملاتا ہے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ گلگت بلتستان کے یوم آزادی پر یہاں موجود ہوں، یہاں کے لوگوں نے اپنی آزادی کے لئے بہت قربانیاں دی۔ مقبوضہ کشمیر میں عوام آج ظلم کا شکار ہے نریندر مودی نے 5 اگست کو جو کچھ کیا ہے اس نے اپنا آخری پتہ کھیل لیا ہے اب جیسے ہی کرفیواٹھے گا انسانوں کا سمندر باہر نکل کر آزادی مانگے گا، کوئی طاقت اب کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 52 سال پہلے پہلی مرتبہ گلگت بلتستان آئے تھے تب اس علاقے میں اتنی ترقی نہیں تھی، انہوں نے ساری دنیا دیکھی ہے لیکن جو خوبصورتی گلگت بلتستان میں ہے وہ اور کہیں نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو سیاحت کے لئے کھول دیا ہے، 70ممالک سے آنے والے سیاحوں کو ویزے اب ایئر پورٹ پر ملیں گے، کئی علاقوں میں این او سی کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور اس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تین مہینے سے کرفیو نافذ ہے، 9 لاکھ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، ان کے بنیادی حقوق سلب کرلئے گئے ہیں۔ وزیرعظم نے کہا کہ وہ کشمیریوں کے سفیر اور ترجمان ہیں اور ساری دنیا میں ان کا سفیر اور وکیل بن ان کی وکالت کریں گے۔ وزیراعطم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اگر آزادی کی جنگ نہ لڑتے تو ہو سکتا ہے وہ بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی طرح مشکلات کا سامنا کررہے ہوتے۔ نادرن لائیٹ انفنٹری کے جوانوں نے کارگل اور دوسرے محاذوں پرناقابل فراموش قربانیاں دیں، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک کو محفوظ بنایا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اور یہی قوم دنیا میں ایک مثال بنے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے وزیراعظم پاکستان کو سلامی دی۔گورنر گلگت بلتستان اور وزیراعلی گلگت بھی اس موقع پر موجود تھے۔

pm imran visit GB and speech


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
28070