Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزارت اطلاعات و نشریات ریڈیو پاکستان کے 38 ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کرائے‘ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت

شیئر کریں:

وزارت اطلاعات و نشریات ریڈیو پاکستان کے 38 ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کرائے‘ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو ریٹائرمنٹ مراعات ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم ادائیگی کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کے خاندان مشکلات کا شکار ہیں، ریڈیو پاکستان جیسے ریونیو پیدا کرنے والے ادارے کو مالی وسائل کی شدید کمی کا سامنا باعثِ تشویش ہے۔ پیر کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ریڈیو پاکستان کے 38 ملازمین کو 3 ماہ کے اندر پنشنری مراعات ادا کرائے، ریڈیو پاکستان کو فنڈز کی فراہمی کا معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا جانا چاہئے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیکرٹری وزارت اطلاعات 3 ماہ میں ادائیگی کیلئے مجاز اتھارٹی سے منظوری لیں اور وفاقی محتسب کو تعمیل کی رپورٹ جمع کرائیں،

 

تفصیلات کے مطابق سید پرویز حسین شاہ اور دیگر 37 شکایت کنندگان نے محتسب کو شکایت کی تھی۔ شکایت کنندگان کے مطابق مختلف تاریخوں پر سروس سے ریٹائر ہونے والے ان سابق ملازمین کے پنشن پیمنٹ آرڈرز جاری ہوئے مگر ادائیگی نہیں کی گئی۔ وفاقی محتسب نے ریڈیو پاکستان کی جانب سے متاثرہ ملازمین کو مالی مسائل کی بنیاد پر عدم ادائیگی کو بدانتظامی قرار دیتے ہوئے ریڈیو پاکستان کو ریٹائرڈ ملازمین کو رقوم کی ادائیگی کرنے کا حکم دیا تھا۔وفاقی محتسب کے مطابق افسوس کہ سابقہ ملازمین بڑھاپے میں اپنے حقوق کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں، بڑھاپے میں ایک ایک پیسہ ریٹائرڈ ملازم کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے۔ ریڈیو پاکستان نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ریڈیو پاکستان کی اپیل نمٹا تے ہوئے کہا کہ تسلیم شدہ قانون ہے کہ ریٹائرمنٹ مراعات ریاست کی جانب سے انعام نہیں، ریٹائرمنٹ مراعات ملازم کو تسلی بخش خدمات کی وجہ سے حاصل ہونے والا حق ہیں۔صدر نے کہا کہ پنشنری فوائد کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین اور اہل خانہ کی مشکلات قابل ِتشویش ہیں، ریڈیو پاکستان نے خود اپنے ملازمین کو رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری تسلیم کی ہے۔ صدر مملکت نے ہدایت کی سیکرٹری وزارتِ اطلاعات 3 ماہ میں فنڈز کیلئے مجاز اتھارٹی سے منظوری لیں۔

 

ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی چاہئے،چین سمیت دوست ممالک نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،وزیراعظم محمدشہبازشریف

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی چاہئے، چین سمیت دوست ممالک نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، اپنے قدرتی وسائل سے استفادہ کرکے خود کفیل بن سکتے ہیں، ہمیں باتوں اور وعدوں کی بجائے ملک کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، اتحادیوں کے ساتھ مل کر ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان نوجوانوں نے اپنی تعلیم کے دوران اپنی محنت سے مختلف شعبوں میں جدت پر مبنی مہارتوں اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ان کے والدین اور اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں جن کی وجہ سے قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کی قابلیت اہم ہے، ان بچوں کا اعتماد خوش آئند ہے، ملک کا مستقبل ہونہار ہاتھوں میں محفوظ ہے، ہمیں ان قابل اور حقدار نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی، وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہنر اور ڈگری ہوتی ہے، چاہے وہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی یا کوئی صنعت ہو۔انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب کی حیثیت سے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ کمیٹی پروگرام شروع کیا، حکومتیں صنعتیں نہیں لگاتیں بلکہ ان کو فعال کرنے کیلئے سہولیات فراہم کرتی ہیں،

ہم نے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کی، جنوبی پنجاب سے پروگرام شروع کیا، فی طالب علم 10 ہزار روپے دیئے گئے، ہزاروں بچوں کو تربیت دی گئی، پنجاب میں باصلاحیت نوجوانوں میں میرٹ پر لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کئے، ہر صوبے کا کوٹہ رکھا گیا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں، اس پروگرام پر تنقید کی گئی، میں لیپ ٹاپ تقسیم کر رہا تھا کلاشنکوف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران لیپ ٹاپ کے ذریعے تعلیم کا سلسلہ جاری رہا، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملے، میری خواہش ہے کہ ملک کے ہر ہونہار طالب علم کے پاس لیپ ٹاپ ہو تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں اور ہمارے دوستوں چین، قطر اور دیگر ممالک کے بارے میں جان سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مشکل معاشی چیلنجز درپیش ہیں، ایسے وقت آتے رہتے ہیں، اگر پوری قوم مصم ارادہ کر لے تو ہم ایسے مشکل چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے، ایک ارب ڈالر مزید چین نے پاکستان کو دیئے ہیں جو کہ سٹیٹ بینک میں آ گئے ہیں، گذشتہ75 سال کے دوران مختلف ادوار میں قرضے لئے گئے، یہ بڑا بوجھ ہے، وہی قومیں آگے بڑھتی ہیں جو قرضوں سے منافع حاصل کرتی ہیں اور آگے بڑھتی ہیں، محنت، دیانت اور قابلیت سے یہ مقصد حاصل ہو سکتا ہے، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانی چاہئے، قابل اعتماد دوستوں کے چہروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ کب تک قرضے لیتے رہو گے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہمارے دور حکومت میں پنجاب ترقی کر رہا تھا، انسانوں کی جانب سے پیدا کئے گئے بحران سنگین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، وہ وقت آئے گا جب پاکستان کا ہاتھ لینے والا نہیں دینے والا ہو گا، ہمیں باتوں سے نہیں عمل سے ثابت کرنا ہے، محنت سے ہی کامیابی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے پاکستان وجود میں آیا، ہم نے 1971ء کے تاریخی سانحہ سے سبق نہیں سیکھا، آج ہم متحد ہو جائیں، ایک دوسرے پر طعن و تشنیع نہ کریں، معیشت کے ایجنڈے پر ایک ہو جائیں تو کوئی ہمیں منزل حاصل کرنے سے روک نہیں سکتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں حکومتیں بدلتی رہتی ہیں لیکن ان کا قومی ایجنڈہ تبدیل نہیں ہوتا، ہمیں خارجہ اور معاشی پالیسی پر ایک ایجنڈہ تشکیل دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں نے چین کے بارے میں دشنام طرازی کی یہ محسن کشی ہے اس سے چین کا دل دکھا۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ اور میں نے چین کو یقین دلایا کہ یہ وقتی باتیں تھیں، اب ایسا نہیں ہو گا، چین مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا ہے، چین، قطر اور سعودی عرب سمیت دیگر دوست ممالک نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک سے بجلی کے اندھیرے ختم کرنے میں سی پیک کا اہم کردار ہے، ہمیں کسی اور کو وقتی طور پر خوش کرنے کیلئے اپنے دوست کو نہیں بھلانا چاہئے، متحد ہو کر ملک کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے اور اسے عظیم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پاکستان کا نام نہ صرف عالم اسلام بلکہ اقوام عالم میں بلند ہو گا، سبز ہلالی پرچم کی عزت ہو گی۔اس موقع پر وزیراعظم نے آذربائیجان کے سفیر کو سٹیج پر بلا کر ان کے دورہ آذربائیجان کے دوران شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان سے سستی گیس فراہمی کا معاہدہ ہو گیا ہے، باکو بہت خوبصورت شہر ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل انوویشن ایوارڈ میں حصہ لینے والے باصلاحیت نوجوانوں میں چیک اور ایوارڈز تقسیم کئے۔ تقریب سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے بھی خطاب کیا۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75826