Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) الیکشن کمیشن میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔درخواست الیکشن کمیشن میں سپریم کورٹ وکیل سید عزیز الدین کاکا خیل نے جمع کرائی، جس میں احد چیمہ اور فواد حسن فواد،پرنسپل سیکرٹری سید توقیر حسین کو بھی عہدوں سے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ افراد ماضی کی حکومت کا حصہ رہے ہیں، آئندہ انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں، ان افراد کے نگران حکومت میں ہونے سے انتخابات کی شفافیت ممکن نہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان افراد کوعہدوں سے ہٹایا جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی نے نئی حلقہ بندیوں کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا

پشاور(چترال ٹایمزرپورٹ)اے این پی رہنما ایمل ولی خان نے نئی حلقہ بندیوں کو مستردکرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی آبادی ارادتاً کم ظاہر کی گئی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں،حلقہ بندیوں میں غیرضروری ردوبدل کی وجہ سے پورے سیاسی عمل پر منفی اثر پڑ رہا ہے، آبادی کے تناسب سے قومی اسمبلی کی 6نشستیں کم کرنا زیادتی اور ناانصافی ہے، پختونخوا کے لاکھوں لوگ دہشتگردی کی وجہ سے دیگر صوبوں میں مقیم ہیں، مردم شماری میں انہیں نظرانداز کیا گیا، ایک طرف قدرتی وسائل پر اختیار نہیں تو دوسری جانب پختونخوا پر بین الاقوامی تجارت بھی بند کردی گئی ہے، پختونخوا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال اور مالدارترین صوبہ ہے لیکن ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جارہا۔صوبائی صدر اے این پی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی سے متاثرہ صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک برداشت نہیں کریں گے، عوامی نیشنل پارٹی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بہت جلد رابطہ کرکے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

نواز شریف کی لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی

لاہور(سی ایم لنکس) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے میں پیش رفت ہوگئی۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی قانونی ٹیم کی نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے تفصیلی مشاورت مکمل ہوگئی اور لیگی قیادت کی باہمی رضامندی سے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔نواز شریف کی وطن واپسی سے 2 روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔قانونی ٹیم کو لاہور ہائیکورٹ سے 3 سے 7 روز کی حفاظتی ضمانت ملنے کا یقین ہے۔ حفاظتی ضمانت کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے نواز شریف کو ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں کر سکیں گے۔قانونی ٹیم کا موقف ہے کہ نواز شریف کو جس کیس میں سزا ہوئی ہوئی ہے، اس کیس میں مریم نواز باعزت بری ہو چکی ہیں، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی بریت سے نواز شریف کو عدالت سے بھرپور قانونی فائدہ ملنے کا امکان ہے۔نواز شریف وطن واپسی پر جلسہ کرنے کے بعد پیر کو اسلام آباد کی عدالت میں سرنڈر کر دینگے۔ امکان ہے کہ متعلقہ ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کرنے کے بعد عدالت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دے گی۔حفاظتی ضمانت لینے پر نواز شریف کو وطن واپسی پر فوری طور پر جیل بھی نہیں جانا پڑے گا۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79734