Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے وفاق سے جڑے مالی مسائل کو وفاقی حکومت کے ساتھ تحریری طور پر اٹھا لیا

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے وفاق سے جڑے مالی مسائل کو وفاقی حکومت کے ساتھ تحریری طور پر اٹھا لیا

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے ایک اہم قدم کے طور پرصوبے کے وفاق سے جڑے مالی مسائل کو وفاقی حکومت کے ساتھ تحریری طور پر اٹھا لیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا ہے اور صوبے کی موجودہ مالی مشکلات کو کم کرنے کے لئے وزیراعظم سے خصوصی تعاون کی درخواست کی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وفاق نے ضم اضلاع کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کیلئے فنڈز فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا اور اس مد میں وفاق کی طرف سے صوبے کو مالی سال 2019 سے اب تک 144 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ اس کے علاوہ ضم اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام (اے آئی پی)کی مد میں اب تک 469 ارب روپے وفاق کے ذمے بقایا ہیں جبکہ فیڈرل ٹیکس اسائمنٹ کی مد میں وفاق کے ذمے 25 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ اسی طرح پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں تقریباً 50 ارب روپے جبکہ تیل اور گیس کی رائلٹی کی مد میں ڈھائی ارب روپے وفاقی حکومت کے ذمے واجب الادا ہیں۔

 

مراسلے میں مزید کہاگیا ہے کہ صوبے میں وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت چار زیر تعمیر ڈیموں کی بروقت تعمیر کیلئے 935 ملین روپے درکار ہیں جن کی بروقت تکمیل سے صوبے کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور بحالی کیلئے دس ارب روپے فراہم کرنے جبکہ صوبے میں بجلی کی پیداوار کیلئے مختص کردہ 100 ایم ایم سی ایف گیس بحال کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے قاضی کمیٹی طریقہ کار کے مطابق صوبے کو بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی بھی درخواست کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف صوبے کی مالی مشکلات کو کم کرنے کے لئے خصوصی تعاون کریں گے۔

 

 

دریں اثنا نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے گزشتہ روز ایبٹ آباد میں گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں تحصیل چیئرمین حویلیاں سمیت گیارہ افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کو اس قاتلانہ حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72810