Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ جمعہ کے روز ایک روزہ دورہ پر پشاور, خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی تازہ صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ جمعہ کے روز ایک روزہ دورہ پر پشاور, خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی تازہ صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ جمعہ کے روز ایک روزہ دورہ پر پشاور پہنچے جہاں نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اعظم خان نے ہیلی پیڈ پر وزیراعظم کا استقبال کیا بلکہ گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے گورنر ہاؤس آمد پر وزیراعظم کا استقبال کیا، گورنر ہاؤس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور نگران وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان نے مشترکہ ملاقات کی جس میں وزیراعظم کو صوبہ میں امن و امان کی صورت حال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی،اس موقع پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن سہولت اور تعاون یقینی بنائے گی، بعد ازاں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہنگو دہشتگرد حملے میں دہشت گردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرنے والے خیبر پختونخواہ پولیس کے سپاہی عمر سعید سے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور اسکی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا،

 

نگران وزیراعظم نے ہنگو حملے کے دوران فائرنگ کا مقابلہ کرنے والے صوابی سے تعلق رکھنے والے جوان کو بہادری پر شاباش دی۔ وزیراعظم نے حوصلہ افزائی کے طور پر عمر سعید کو پانچ لاکھ کا انعام بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ عمر سعید جیسے بہادر جوان ہماری قوم کی ایک آہنی دیوار کی مانند حفاظت کر رہے ہیں، ہماری پولیس ملک دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے، پولیس نے مشکل ترین حالات میں بھی ہر موقع پر ملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کا کام کیا، بعد ازاں گورنر ہاؤس میں نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت صوبہ کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخواہ کی امن و امان کی تازہ صورت حال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی. علاوہ ازیں متعلقہ حکام کی جاننے سے وزیراعظم کو صوبے کو درپیش مالی مسائل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے. انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے .وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا.وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیج جا رہا ہے تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو .

 

انہوں نے کہا ہدایت کی کہ امن و امان اور سیکورٹی کی صورت حال کی بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں.خیبر پختونخواہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کومضبوط کرنے کے لیےبھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے . انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیےخیبر پختونخواہ پولیس اور انتظامیہ کی کوششیں تعریف کے قابل ہیں. وزیراعظم نے کہا کہ ہم کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے. انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کی عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو ہر ممکن سہولیات اور وسائل فراہم کرے گی. انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں ;پوری قوم سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے .

 

ان کا کہنا تھا وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں .مزید براں وزیراعظم نے خیبر پختونخواہ کو درپیش مالی اور دیگر مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مالی مسائل اور نو ضم شدہ اضلاع کے مسائل کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی.اجلاس میں گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی, نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ اعظم خان , نگران صوبائی وزراء سید مسعود شاہ, بیرسٹر فیروز جمال , جسٹس رٹائرڈ ارشاد قیصر, احمد رسول بنگش, آصف رفیق, ڈاکٹر نجیب اللہ , ڈاکٹر محمد قاسم جان, جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ , سید عامر عبدالله,انجنیئر عامر ندیم دررانی, انجنیئر احمد جان, وزیر اعلی کے مشیران ڈاکٹر ریاض انور, ڈاکٹر سرفراز علی شاہ , معاون خصوصی وزیر اعلی ظفر اللہ خان , چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی.

chitraltmes caretaker prime minister visit peshawar 1

chitraltmes caretaker prime minister visit peshawar 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80265