Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نوجوان ڈاکٹرز نامورہسپتالوں کی بجائے عبادت کی نیت سے پسماندہ علاقوں میں غریب لوگوں کے علاج معالجہ کو ترجیح دیں، گورنر

Posted on
شیئر کریں:

نوجوان ڈاکٹرز نامورہسپتالوں کی بجائے عبادت کی نیت سے پسماندہ علاقوں میں غریب لوگوں کے علاج معالجہ کو ترجیح دیں، گورنر

گورنر کی خیبر میڈیکل کالج پشاور کے سالانہ کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، 206 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم،54 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز پہنائے

گورنر کایونیورسٹی آف پشاور میں آل پاکستان انٹریونیورسٹیز اتھلیٹیکس چیمپئن شپ 2023 کا باقاعدہ افتتاح، پہلے،دوسرے اورتیسرے پوزیشن پرآنیوالے اتھیلٹس کوگولڈمیڈل/سلورمیڈل/برونزمیڈل پہنائے

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ حکومت اپنے تمام وسائل اور ملکی ترقیاتی فنڈز سے ایک بھاری حصہ شعبہ تعلیم و شعبہ صحت کی ترقی پر خرچ کر رہی ہے،پیشہ کے لحاظ سے ڈاکٹرز معاشرہ میں ایک معتبر مقام و حیثیت رکھتے ہیں،اللہ کا ڈاکٹرز پر کرم ہے جنہوں نے آپکو معاشرے کے بیمار و دکھی انسانیت کی خدمت و علاج معالجہ کیلئے منتخب کیا،نوجوان ڈاکٹرز نامور ہسپتالوں کے بجائے عبادت سمجھ کر پسماندہ علاقوں میں غریب لوگوں کے علاج معالجہ کو ترجیح دیں،اللہ کے نزدیک کھی اور غریب افراد کی خدمت کا بہت بڑا اجر ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز خیبر میڈیکل کالج پشاور کے سالانہ کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اعلٰی کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق،صدر امیریکن کالج آف فزیشنز پروفیسر ڈاکٹر عمر تیمور عتیق، ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب،ڈائریکٹر خیبر ٹیچنگ ہسپتال ظفر آفریدی سمیت والدین، فیکلٹی اراکین اور طلباء نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

 

گورنر نے کانووکیشن میں سیشن 2020-21کے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 206 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اورگو نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے سیشن 2020 اور سیشن 2021 کے 54 طلباء و طالبات کو گولڈ میدلز بھی پہنائے۔تقریب سے ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب خطاب کرتے ہوئے گورنر اوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کالج کی مجموعی کارکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے گورنر کو ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔تقریب سے وزیر اعلٰی کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ آپ طلباء نے عملی میدان میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنی ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات، والدین، فیکلٹی اراکین کو مبارکباددی اور کہاکہ آج کے دن آپ اپنی عملی زندگی میں قدم رکھ رہے ہیں آپ کا فرض بنتا ہے کہ اپنے اس فریضہ کو بہترین طریقے سے ادا کریں اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے کہاکہ میری اپنی 40 سالہ سیاسی زندگی کا محور صرف اور صرف عوام کی خدمت رہا،خلوص نیت اورایمانداری سے فرائض کی انجام دہی اور دکھی انسانیت کی خدمت کامیابی کا راستہ ہے۔

 

ہسپتال علاج معالجہ کیلئے آنیوالے مریضوں کو ڈاکٹروں سے بہت امیدیں وابستہ ہوتی ہیں،ڈاکٹر علاج معالجہ کے ساتھ اپنے رویوں میں نرمی پیدا کرکے مریضوں کا دل جیت سکتے ہیں۔گورنرنے کہاکہ معاشرے میں آج صبر و برداشت بالکل ختم ہو گیا ہے۔زندگی کے ہر شعبہ بالخصوص طبی شعبہ سے وابستہ افراد اپنے پیشہ ورانہ فرائض میں صبر و برداشت و شائستگی قائم رکھیں۔انہوں نے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نوجوانوں نے ریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا کا خاتمہ کرنا ہے۔ملک کا مستقبل آپ نوجوان ہیں اور نوجوانوں نے ہی ریاست و ریاستی اداروں کا وقار و تحفظ یقینی بنانا اور پاکستان کو ترقی کے منزل پر پہنچاناہے۔ کانووکیشن کے بعد گورنرنے پشاور یونیورسٹی میں آل پاکستان انٹریونیورسٹیز اتھلیٹیکس چیمپئن شپ 2023 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انٹریونیورسٹیز اتھیلیٹکس مقابلوں میں ملک بھر کی36 یونیورسٹیوں کے اتھیلیٹس شرکت کررہے ہیں۔ گورنرنے اس موقع پرپہلے نمبرپرآنیوالے یونیورسٹی آف پنجاب کے اتھلیٹ کو گولڈ میڈل،دوسری اور تیسری پوزیشن والے کو سلوراوربرونز میڈلز بھی دیے۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کا انعقاد، طلبا ء کیلئے انتہائی ضروری ہے، صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کی سرگرمیاں بہت اہم ہے جن کی بدولت نہ صرف ان طلباء کی صلاحیتیں مزید ابھر کر سامنے آئیں گی بلکہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے طلباء کے مابین خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے سے روابط بھی بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ کھیل بھی انسانی زندگی کا لازمی حصہ ہیں جو کسی بھی معاشرے اور نوجوانوں کی نشو نما میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔انہوں نے اتھیلیٹس کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر محنت اور لگن سے کھیل کے تمام شعبوں پر توجہ دیں گے توآگے بڑھ کرنہ صرف اپنابلکہ ملک کا نام بھی روشن کرسکیں گے۔انہوں نے پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹرمحمدادریس، سپورٹس ڈائریکٹر بحرکرم چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختیار احمد کاشکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیاکہ 8 سال کے بعد اس ایونٹ کا انعقاد کیاگیا۔ گورنراس موقع پر تھیلٹس کے ساتھ گھل مل گئے، اتھیلیٹس نے گورنرکے ساتھ تصاویربنوائی اور خوشی کا اظہارکیا۔ اتھیلیٹس نے گورنر کو خراج تحسین پیش کیا کہ جس پیار، محبت اور خلوص سے وہ عوام سے ملتے ہیں اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

chitraltimes governor kp addressing kmu convocation haji ghulam ali 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81865