Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نوجوان ڈاکٹرز جذبات پر قابو رکھیں اور غریب و دکھی انسانیت کی خدمت اپنا شعار بنائیں,حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

نوجوان ڈاکٹرز جذبات پر قابو رکھیں اور غریب و دکھی انسانیت کی خدمت اپنا شعار بنائیں, حاجی غلام علی

طبی شعبہ سے وابستہ افراد غیر معمولی لوگ ہیں، پیشہ ورانہ فرائض کو عبادت سمجھ کر ادا کریں، گورنر کا رحمان میڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب

صوبہ معدنی دولت سے مالا مال ہے، ماربل شعبہ کی ترقی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، حاجی غلام علی

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صحتمند اور تعلیم یافتہ معاشرہ ہماری ملکی و قومی ترقی کا ضامن ہے، ملکی بجٹ کا سب سے بڑا حصہ شعبہ صحت و تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے،شعبہ صحت و تعلیم کی سہولیات معاشرے کے ہر فرد کو پہنچانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،حکومت شعبہ طب میں رحمان میڈیکل کالج سمیت تمام پرائیویٹ میڈیکل کالجز و ہسپتال کی مکمل معاونت کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز رحمان میڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن 2023 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں نگران صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر محمدقاسم جان، مشیر صحت ڈاکٹرریاض انور،وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر ضیا ء الحق،چیئر مین آرایم آئی پرو فیسرڈاکٹر محمد رحمن، پرنسپل، فیکلٹی ممبرز، طلباء وطالبات اور والدین بھی شریک تھے۔گورنرنے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے368 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی اورنمایاں کارکردگی پر48طلباء وطالبات کو گولڈمیڈلزبھی دیے۔چیئرمین آرایم آئی نے گورنر اوردیگرمہمانوں کاخیرمقدم کیا اور گورنر کو ادارے کی کارکرگی رپورٹ پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء و طالبات بالخصوص والدین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ رحمان میڈیکل کالج نے طبی شعبہ میں نہ صرف صوبہ بلکہ ملک بھر میں اپنا نام و مقام پیدا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ طب کا شعبہ ایسا شعبہ ہے جس کو عبادت کا درجہ دیا گیا ہے، ڈاکٹر اور تمام طبی عملہ معاشرے کے غیر معمولی افراد ہیں، نوجوان ڈاکٹرز جذبات پر قابو رکھیں اور غریب و دکھی انسانیت کی خدمت اپنا شعار بنائیں۔ ڈاکٹر مریضوں کیساتھ اچھا برتاؤ اور رویہ رکھیں تو مریض کاحوصلہ بلند ہوتا ہے اور ان کی تکلیف کم ہو جاتی ہے۔نوجوانوں کو یہ نصیحت کرتا ہو کہ ہر کسی کی بات تحمل کیساتھ سنیں اور ان کو میٹھی اور نرم لہجے سے جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان طبقہ تمام شعبوں میں ترقی و کامیابی کو اپنا مشن بنائے کیونکہ آگے بڑھنے کی جستجو و جدوجہد سے ہی کامیاب زندگی ممکن ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان اپنے اپنے شعبوں میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا نام پیدا کریں،طلباء تعلیم کیساتھ تحقیق پر بھی توجہ دیں۔سانحہ ڈی آئی خان کے حوالے سے گورنرنے کہاکہ گزشتہ روز ڈی آئی خان میں بڑا واقعہ رونما ہوا جو کہ سیکیورٹی ادارے اور قوم کیلئے بڑا سانحہ ہے۔ہم سب اور پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

علاوہ ازیں گورنرسے آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اصغر خان اتمانخیل کی قیادت میں 15 رکنی وفد نے گورنر ہاوس میں بھی ملاقات کی۔ وفد میں زونل نائب چیئرمینز مانسہرہ سے وقاص جدون اور عبدالمالک، ایبٹ آباد سے انجینئر علی حیدر،جہانگیرہ سے امجدعلی آفریدی، رسالپور سے زاہداقبال خان، مردان سے محمدارسال خان، بونیر سے خورشید علی خان پشاور سے ہمت شاہ سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیدار شامل تھے۔ ملاقات میں ماربل اورگرینائٹ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو مائننگ میٹیریل، مہمند میں زیرتعمیر روڈ، کارخانوں پر جی ایس ٹی، ویلیوایڈیشن، مائننگ میکنزم اور بجلی سمیت دیگر مشکلات ومسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو بتایا کہ ملک میں ماربل اینڈگرینائٹ کی پیداوار میں خیبرپختونخوا کا 75 فیصد حصہ ہے اور صرف بونیر میں 5 ملین ٹن سالانہ پیداوار ہے۔ وفد نے صوبہ کی ماربل اینڈ گرینائٹ صنعت کو فروغ دینے کیلئے اٹلی، چین اور ترقی کے مشترکہ تعاون کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ بلاشبہ خیبرپختونخوا معدنی شعبہ سے مالامال ہے۔ صوبہ کی ماربل انڈسٹری کی ترقی کیلئے اس شعبہ سے وابستہ افراد کو فیڈریشن آف پاکستان اورچیمبر کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے چاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ماربل صنعت کو غیرملکی سرمایہ کاری کی توجہ راغب کرنے اورمقامی سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ وفد کے شرکاء نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے اور یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور گورنر کو ایسوسی ایشن کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

chitraltimes governor kp addressing rmi convocation 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
82966