Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نوائے سرُود…………. دنیا یہ سمجھتی ہے کہ میں ہار گیا ہوں ………… شہزادی کوثر

Posted on
شیئر کریں:

ستائیس فروری کو دنیا نے پاکستان کی حدود میں سر بسجود ہونے والے دو طیاروں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا، گرفتار پائلٹ کے ساتھ ہونے والا سلوک بھی تمام دنیا کے لیے زبردست سبق ہے ،اسے مہمانوں کی طرح رکھا جو عذاب بن کر نازل ہونے کی نیت سے آیا تھا اور جنگی قیدی ہونے کے باوجود اسے دوبارہ اپنی سرزمین اور خاندان سے ملنا نصیب ہوا۔ یہ کوئی معمولی فیصلہ نہیں تھا کیونکہ وہ ہمارے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا تھا ،اس سے کہیں بڑھ کر فائدہ اسی میں تھا کہ خطے کا امن خراب نہ ہو، اور دونوں ممالک کی عوام امن و آشتی کے ساتھ زندگی گزاریں اس بات کو مقدم رکھتے ہوئے اتنا بڑا فیصلہ ہوا کہ دشمن کا منہ بھی کھلے کا کھلا رہ گیا۔اس سے بڑھ کر شرمندگی اور کیا ہو سکتی ہے کہ دنیا کے سامنے اس کے منہ پر انسانیت کا تھپڑ اتنی شدت سے لگا کہ اس کے رونگٹے کھڑے ہو گئے،لیکن اسے پھر بھی سمجھ نہیں آ رہی کہ ایسے موقعے پر ہمیں کیا کرنا چاہیے۔اپنی عوام کے سامنے جھوٹ پر جھوٹ بولتے اور خود ہی شرمندہ ہوتے رہے،کھسیانی بلی کھمبا نوچے ،، والا محاورہ بھارت کی حالیہ صورت حال پر فٹ بیٹھتا ہے،اسے کچھ نہ سوجھ کر لائن آف کنٹرول پر آوٹ آف کنٹرول ہو رہا ہے۔جنگ کی بھاشا بولنے والے بھارت کو امن کی آشا کی سمجھ نہیں آرہی، ہم نے ان کے پائلٹ کو اپنے پیروں پر چلتے ہوئے ان کے حوالےکیا تھا ، ان کا اوچھا پن اس وقت بھی کم نہ ہوا اور اسی دروازے سے ذہنی توازن سے محروم شاکراللہ کا تابوت ہمیں لوٹا دیا جسے جیل میں پتھر اور ڈنڈے مار کر شہید کیا گیا تھا۔امن کا جواب جارحیت سے دینےوالے بھارت کا گھمنڈ ہے کہ شاید وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو جائے گا،یہ اس کی خام خیالی ہے اسے ہر میدان میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،اس کی اپنی عوام بھی جنگ کے حق میں نہیں اور پوری دنیا اسے پاکستان کی طرح امن کی طرف قدم اٹھانے کا کہہ رہی ہے۔اسے احساس ہی نہیں کہ جنگ وہ صرف پاکستان پر مسلط نہیں کرے گا اس کی اپنی عوام بھی پس جائے گی۔ ان کے لیڈراپنی تقاریر کے زریعے نفرت اور کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں ،بےسرو پا باتوں کو مسالہ لگا کرنشر کرتے رہے،ان کے سبکدوش فوجی آفیسر بھی اس بات سے نالاں ہیں کیونکہ ہمیں محاذ کی تمام تر تفصیلات پاکستانی میڈیا سے مل رہی تھیں ۔خدا ناخواستہ جنگ چھڑ گئی تومعاشی صورتحال دونوں ممالک میں انتہائی کشیدہ ہو جایے گی۔جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے اس کے فوجی جوان فرسٹیشن کا شکار ہو چکے ہیں، لگتا ہے خون کی ہولی کھیلنے کا ارادہ خود اسے ہی نگل جائے گا۔ پاکستان ہمیشہ اللہ کی حفاظت میں ہے،ملک کی سرحدوں کو کوئی خطرہ نہیں ، ہمیں پاک فوج پر پورا اعتماد ہے، پاک وطن کی رکھوالی پر مامور محافظ اپنی جان قربان کرنے کی تمنا لے کر گھروں سے نکلتے ہیں،ہمارا ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ بھارت جان لے کہ خاموشی اختیار کرنا دب جانے کی علامت نہیں ہوتی صرف ترجیحات کا فرق واضح ہونا چاہیے، ہر بات اور ہر کوئی جواب کا مستحق نہیں ہوتا،پھر بھی اگر کوئی ہماری خاموشی کو غلط رنگ دینے کی کوشش کرے تو اسے دندان شکن جواب کا مزہ چکھنا پڑتا ہے۔
خیرات میں دے آیا ہوں جیتی ہوئی بازی
دنیا یہ سمجھتی ہے کہ میں ہار گیا ہوں ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, خواتین کا صفحہ, مضامینTagged
19560