Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نئے سال کے آغاز پر مزید ایک کروڑ 40 لاکھ آبادی صحت سہولت پروگرام میں داخل ہوجائیگی۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

یکم جنوری سے ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور میں پروگرام کا آغاز ہوگا۔ وزیر صحت و خزانہ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر صوبے کی مزید ایک کروڑ 40 لاکھ آبادی صحت سہولت پروگرام میں داخل ہو جائے گی۔ یکم جنوری کو مزید 6 اضلاع میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ ہزارہ ڈویژن میں مفت علاج کی سہولت کے آغاز کے بعد ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی مجموعی شرح میں 153 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے کہا کہ صحت سہولت کارڈ خیبر پختونخوا حکومت کاایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے غریب اور متوسط طبقے کے شہریوں کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج معالجے کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر کو ہزارہ ڈویژن میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس شروع ہونے کے بعد یکم سے دس دسمبر تک ہسپتالوں میں داخلے کی شرح میں 153 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں ماہ کے پہلے دس دنوں میں 610 مریض ہسپتال داخل ہوئے جبکہ نومبر کے ابتدائی دس دنوں میں یہی تعداد 241 تھی۔ یکم سے دس دسمبر کے دوران ایبٹ آباد میں ہاسپٹل ایڈمیشن کی شرح 200 فیصد، بٹگرام 124، کوہستان میں 365، بونیر میں 1156، مانسہرہ 34 اور شانگلہ میں 7 فیصد بڑھی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ زون ون ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں پروگرام کے ابتدائی ماہ کے دوران ہسپتال داخلے کی مجموعی شرح میں 100 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے بتایا کہ جنوری 2021 کے اختتام تک صوبے کے جنوبی اضلاع میں بھی صحت سہولت پروگرام شروع کر دیا جائے گا۔ 31 جنوری سے کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان کے شہری صحت سہولت پروگرام میں داخل ہو جائیں گے۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تحت صوبے کی 40 ملین آبادی کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج معالجے کی سہولت ملے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
43778