Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طالبعلم غریب افراد کے علاج معالجہ، دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طالبعلم غریب افراد کے علاج معالجہ، دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، گورنر حاجی غلام علی
گورنر کا باچا خان میڈیکل کالج مردان کے دوسرے کانووکیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، ایم بی بی ایس اور ڈینٹل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 170 طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور 25 طلباء وطالبات میں گولڈ میڈلز تقسیم کیں
گورنر کا کالج انتظامیہ کے مطالبہ پر بی ڈی ایس سیکشن کو ڈینٹل کالج کا درجہ دینے کا اعلان، خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو کیس تیار کرنیکی ہدایت
تقریب سے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، وی سی خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کا بھی خطاب، تقریب میں مئیر تحصیل مردان حمایت اللہ مایار سمیت کالج کے ڈین، فیکلٹی اراکین، بزنس کمیونٹی اور طلباء وطالبات اور والدین کی شرکت

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء وطالبات پر عملی زندگی میں بھاری ذمہ داریاں ہیں، بطور ڈاکٹر اپنے پیشہ سے مخلص رہیں اور دوسروں کے درد کو جب تک اپنا درد نہیں سمجھیں گے کامیاب نہیں ہو سکیں گے کیونکہ دکھی انسانیت کا دل میں درد رکھنا اور خدمت کا جذبہ رکھنا ہی کامیابی کی علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ مردان کے موقع پر باچا خان میڈیکل کالج مردان کے دوسرے کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا.تقریب سے نگران وزیراعلٰی کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور، وی سی خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے بھی خطاب کیا اور صوبے میں تعلیم اورخاص کر میڈیکل کی تعلیم کے فروغ کیلئے گورنر اورصوبائی حکومت کوخراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں ڈین باچا خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عماد حمید، ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود اور چیرمین بورڈ آف گورنر عطاء اللہ خان طورو سمیت تحصیل میئر مردان حمایت اللہ مایار، صدر مردان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ظاہر شاہ،سابق صوبائی اراکین اسمبلی امانت شاہ،تاج الامین جبل، بزنس کمیونٹی، طلباء و طالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین موجود تھے۔

گورنر نے 2017 سے 2021 سیشن کے ایم بی بی ایس اور ڈینٹل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 170 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور 25 طلباء وطالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے۔ڈاکٹر نبیلا بی بی نے 19،ڈاکٹر ایمن منان نے 18، ڈاکٹر مدرار اللہ نے 18،ڈاکٹر رخشندہ نے 17، ڈاکٹر وگمہ نے 14،ڈاکٹر سپنا بیگم نے 12 اور ڈاکٹر آسمہ فاروق نے 11 گولڈ میڈل وصول کیے۔ ڈین با چاخان میڈیکل کالج نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور کالج کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بی ڈی ایس سیکشن کو ڈینٹل کالج کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جس پر گورنر نے بی ڈی ایس سیکشن کو ڈینٹل کالج کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی اس حوالے سے کیس تیار کر کے جلد از جلد بھجوائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اورکامیاب طلباء وطالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد دی۔ گورنرنے کہاکہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں ملک اور صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں اور یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز، ہسپتالوں کے مسائل ومشکلات کے خاتمے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباء طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عملی زندگی میں داخل ہوگئے ہیں،اب آپ لوگوں نے مریضوں کے علاج معالجہ کے ساتھ ہسپتالوں کی بہتری کیلئے بھی کام کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ باچا خان کے نام سے منسوب ادارے سے تعلیم حاصل کرنا قابل فخر ہے، اپنی عملی زندگی میں باچا خان کے عدم تشدد اور شائستگی کے فلسفے کو آگے لیکر اس کالج کیلئے فخر کا باعث بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزت و احترام اور شائستگی کو اپنے زندگیوں اور رویوں میں یقینی بنائیں۔ غریب عوام کے علاج معالجہ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں اس سے آپکو دنیا و آخرت میں کامیابی ملے گی اور دلی سکون بھی ملے گا۔ انہوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ ہرشعبہ زندگی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور اس امر پر زور دیا کہ ہم سب نے ملکر اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار کرنا ہوگا۔گورنر کا کہنا تھا کہ مختلف یونیورسٹیوں کے کانووکیشن میں شرکت کے دوران معذور طالبعلموں کو ڈگریاں دی ہیں اور معذور افراد کے جذبہ حصول تعلیم کو دیکھ کر معذور طالبعلموں کی فیسیں ختم کر کے مفت تعلیم فراہمی کے احکامات صادر کئے اور مجھے خوشی ہے کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی نے میرے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوبہ کے تمام میڈیکل کالجز کو معذور افراد کی فیسیں ختم کرنیکا اعلامیہ جاری کر دیا جو کہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکول، کالج، یونیورسٹیاں ہمارے تابناک مستقبل کے ضامن ہیں اور ان اداروں کی بہتری، مسائل و مشکلات کے خاتمہ اپنا فرض سمجھتے ہیں۔#

chitraltimes governor kp haji ghulam ali addresing mardan medical college and medal distribution 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75516