Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مون سون شجرکاری میں تمام اداروں، کمیونٹی، تعلیمی اداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری

شیئر کریں:

مون سون شجرکاری کے لئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز
شجرکاری میں تمام اداروں، کمیونٹی، رضا کاروں، تعلیمی اداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری
مون سون شجرکاری مہم کے تحت صوبے بھر میں 4 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ بریفنگ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے صوبے میں جنگلات کے رقبے کو بڑھانے کے لئے مزید اقدامات اٹھانے پر ضرور دیتے ہوئے سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ مون سون شجرکاری کے لئے مربوط حکمت عملی مرتب کریں تاکہ اس مہم کو موثر بنایا جاسکے۔ یہ ہدایات چیف سیکرٹری نے پیر کے روز 10 بلین ٹری ایفاریسٹیشن کے تحت مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس کو خیبر پختونخوا میں 10 بلین ٹری شجرکاری مہم کے تحت مون سون شجرکاری بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مون سون شجرکاری کے تحت صوبے بھر میں 4 کروڑ سے زائد پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اسی طرح صوبے بھر کے تین ریجنز میں یوم پاکستان کے موقع پر 213 سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جس کے دوران 13 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ ڈاکٹر کاظم نیاز نے سیکرٹری جنگلات و ماحولیات کو ہدایت کی کہ مون سون شجرکاری کے لئے مربوط حکمت عملی کیساتھ سامنے آئیں، اسی طرح بلدیات، ابتدائی وثانوی، اعلی تعلیم، آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھی شجرکاری بارے میں اپنے اپنے پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ مون سون شجرکاری میں تمام اداروں، کمیونٹی، رضا کاروں اور تعلیمی اداروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ جنگلات کے حکام متعلقہ ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کر مون سون شجرکاری کے لئے جگہوں کو منتخب کرکے اسکو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات کو بڑھانے سمیت اربن پلانٹیشن، تعلیمی اداروں، سڑکوں اور نہروں کے کنارے پر شجرکاری کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , , , ,
50320