Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملکی موجودہ صورتحال میں اتحاد واتفاق سے ہی کامیابی وترقی ممکن ہے، گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

ملکی موجودہ صورتحال میں اتحاد واتفاق سے ہی کامیابی وترقی ممکن ہے، گورنر حاجی غلام علی
ریاست کی مضبوطی، استحکام اور ملک کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے کیلئے مشترکہ کردار کی ضرورت ہے،گورنر
گورنر سے ضلع پشاورسے 40 رکنی، لکی مروت سے8 رکنی اور اسلام آباد سے 5 رکنی نمائندہ وفود کی الگ الگ ملاقات، عوامی مسائل پرتبادلہ خیال
گورنرسے یونائیٹڈ پی ڈی اے ورکرز اور پی ڈی اے ایمپلائز یونین کے نمائندہ وفدکی بھی ملاقات،وفدکاگورنر کی یقین دہانی پر ملازمین کی جانب سے جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ عوام کی خدمت کو اپنا فرض وعبادت سمجھتاہوں، نیت اللہ کی رضا وخوشنودی ہوں تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ اپنی زندگی کو انسانیت کی بھلائی میں کسی نہ کسی جہت سے مصروف رکھنی چاہئے۔ ریاست کی مضبوطی، استحکام اور ملک کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے کیلئے مشترکہ کردار کی ضرورت ہے کیونکہ ملکی موجودہ صورتحال میں اتحاد واتفاق سے ہی کامیابی وترقی ممکن ہے۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے گذشتہ روزپشاور سے قاری عبدالوسع اور مولاناعبدالمالک کی سربراہی میں 40 رکنی وفد سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔سابق نگران صوبائی وزیر حامدشاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں مولاناعبدالمتین، ملک نوشاد، مفتی کامران، مولانافضل وہاب، عبدالوہاب، محمد ایاز، قاری شکیل، اسامہ، حاجی نورالامین، محمدسلیم اور سیدسجادباچاچمکنی سمیت دیگر شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو اپنے اپنے علاقوں میں بجلی، گیس، تعلیم اور صحت سمیت دیگر مشکلات سے گورنرآگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔وفد کے شرکاء نے گورنر کو خراج تحسین بھی پیش کیا صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک گورنربلاامتیاز صوبے کے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور سب کیلئے گورنرہاؤس کے دروازے کھول رکھے ہیں۔ گورنرنے اس موقع پر مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ نوجوانوں کوشائستگی، روایات اوراقدار کو اپنی زندگی کاحصہ بناناہوگا اور ملکی ترقی و خوشحالی کی سوچ اپنانی ہوگی کیونکہ منفی رویوں سے باہر نکل کر مثبت انداز سے آگے بڑھنے سے ہی مجموعی ترقی ممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ مشران اور نوجوانوں کو ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے 9 مئی جیسے واقعات کی نفی کرنی ہوگی۔ 9 مئی نے ملک کی بنیادیں ہلا کررکھ دی، ہمارا فرض بنتاہے کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں اوراس ملک کومضبوط تربنائے۔ ریاست کوکمزورکرنے اور انتشار پھیلانے کی سوچ رکھنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے، بالخصوص نوجوانوں کو متحد ہوکرملک میں منفی سوچ کی بیخ کنی کرنی ہوگی اورشائستگی، روایات اوراقدار کوفروغ دیناہوگا۔انہوں نے کہاکہ  عوام کی احساس محرومیوں کاخاتمہ،صحت، تعلیم اورانفراسٹرکچر کی سہولیات فراہم کرناصوبائی  حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا سمیت ملک کو اس وقت امن وامان کی صورتحال اور معاشی بدحالی جیسے چیلنجز کا سامناہے اور ان چیلنجز پرقابو پانے کیلئے ہرمکتبہ فکر اور بالخصوص علماء کرام کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ علاوہ ازیں گورنر سے یونائیٹڈ پی ڈی اے ورکرز اور پی ڈی اے ایمپلائز یونین کے صدور مسعود صدیقی اور ضیاء الحق کی سربراہی میں 10 رکنی وفد نے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔

 

وفد کے شرکاء نے گورنر کو بتایاکہ وہ چندروز سے اپنے محکمانہ مسائل کے حل کیلئے احتجاج پر  ہیں لیکن شنوائی نہیں ہو رہی ہے،جس پر گورنرنے پی ڈی اے ملازمین کو فوری احتجاج ختم کرنے کا کہتے ہوئے کہاکہ احتجاج اور ہڑتالوں سے مسائل حل نہیں ہوتے،مسائل کے حل کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے وفدکو محکمانہ اوردیگرمسائل کے حل کیلئے صوبائی وزیربلدیات سے بات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ آپ اپنی ساری توجہ فرائض کی انجام دہی پررکھیں۔وفد کے شرکاء نے گورنر کی پیشکش پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں گورنر سے لکی مروت سے مولانا اشرف علی کی سربراہی میں 8 رکنی وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد میں قاری محمد عمر اشرفی، قاری اصغر علی،قاری محمد ادریس، امیر محمد اور انعام اللہ شامل تھے۔وفد نے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل سمیت لکی مروت یونیورسٹی سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء گورنر سے اسلام آباد سے عامر سلیمان اخونزادہ کی سربراہی میں بھی 5 رکنی وفدنے ملاقات کی۔ وفد میں سید افتخار شاہ،آفتاب اللہ خان بابوزئی،عادل سالار شامل تھے۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79154