Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ صحت میں تقرری و تبادلوں کا نظام ڈیجٹلائز کردیا گیا, اب ملازمین کے تبادلے و تقرریوں کا نوٹیفیکیشن آن لائن ہوگا، مشیر صحت

Posted on
شیئر کریں:

محکمہ صحت میں تقرری و تبادلوں کا نظام ڈیجٹلائز کردیا گیا، ایچ آر ایم آئی ایس فعال کردیا گیا، پورٹل پر محکمہ صحت کے 80 ہزار سے زائد ملازمین کا ڈیٹا اپلوڈ، اب ملازمین کے تبادلے و تقرریوں کا نوٹیفیکیشن آن لائن ہوگا، مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور و سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر نے افتتاح کردیا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور نے محکمہ صحت میں ایچ آر ایم آئی ایس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت محمود اسلم وزیر، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر عباس، ڈی جی پی ایچ ایس اے ڈاکٹر صاحب گْل، چیف ایچ ایس آر یو ڈاکٹر شاہین اور آئی ٹی حْکام نے شرکت کی۔ مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین اب اپنی مرضی کا ڈیوٹی سٹیشن، مرضی کے تبادلے کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس ویب ایپلیکیشن پر محکمہ صحت کے 80 ہزار سے زائد ملازمین کا ڈیٹا اپلوڈ کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس قبل تبادلوں کیلئے بڑی بڑی سفارشیں اور ریفرنسز چاہیے ہوتی تھیں لیکن اب صوبے کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر محکمے کے ملازمین سیکرٹریٹ یا ڈائریکٹوریٹ آنے کی بجائے آن لائن اپنی تقرری و تبادلے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ ویب ایپلیکیشن بارے مشیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر کا کہنا تھا کہ اب ملازمین کے تبادلے و تقرریوں کا نوٹیفیکیشن صرف ایک کلک پر ہوا کرے گا۔ یہ صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا ای نوٹیفیکیشن ویب ایپلیکیشن ہوگا۔تمام نوٹیفیکیشن کی تصدیق اب اس ویب پورٹل کے ذریعے ہوگی۔ تمام اٹیچ فارمیشنز کا ڈیٹا پورٹل پر اپلوڈ کردیا گیا ہے۔ ہر آرڈر پر اپنا بار کوڈ ہوگا جو کہ اس ویب پورٹل کے ذریعے تصدیق کیا جاسکے گا۔ اس اقدام سے مہینوں کا عمل اب چند لمحوں میں ہوا کرے گا۔ اگلے مرحلے میں کنٹریکٹ و ایم ٹی آئیز کا ڈیٹا بھی اس پورٹل پر اپلوڈ کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ویب ایپلیکیشن پر ملازمین کی سروس ہسٹری اور پرسنل فائلز کا ڈیٹا بھی اپلوڈ کیا گیا ہے۔ اس ویب پورٹل کی بدولت آنے والے ٹی ایم اوز اور ان کی پوسٹنگ اب بروقت اور احسن طریقے سے ہوا کرے گی۔ محکمہ صحت کے ملازمین صوبے کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر اپنا آرڈر اس ویب پورٹل سے ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ ڈائرکٹوریٹس و سیکرٹریٹ کے درمیان فائلوں کا تبادلہ کم سے کم ہوا کرے گا۔

محمود اسلم وزیر نے مزید بتایا کہ اس اقدام سے ایک کلک پر انتظامیہ کو پتہ چلے گا کہ کہاں پر کتنا سٹاف ہے اور کتنا مزید چاہیے اور خْدانخواستہ کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت اپنے ملازمین کی بہتر مینجمنٹ کرسکتا ہے۔ محکمہ صحت کی آئی ٹی ٹیم اس بابت لائق تحسین ہے کہ انہوں نے کسی بیرونی مدد کے بغیر اپنی تئیں یہ ویب ایپلیکیشن بنائی ہے۔ محکمہ صحت کی آئی ٹی ٹیم نے اس موقع پر بتایا کہ اب محکمہ صحت کے تمام سٹاف کا ڈیوٹی سٹیشن اور ضلع میں موجود افرادی قوت کا پتہ لگایا جاسکے گا۔ یہ ویب ایپلیکیشن پی جی ایم آئی، نرسنگ کونسل و دیگر متعلقہ اداروں کیساتھ بھی انٹی گریٹڈ ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
79815