Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ تعلیم کیلئے امسال 166 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے…ضیاء اللہ بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم کیلئے امسال 166 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں طالبات کیلئے بجٹ کا زیادہ حصہ مختص کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ کا 70 فیصد حصہ لڑکیوں کی تعلیم اور 30 فیصد حصہ لڑکوں کی تعلیم پر خرچ جائیگا جس کا بنیادی مقصد خواتین کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ پورے خاندان کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی کاوش ہے۔ وہ پشاورکے مقامی ہوٹل میں غیرسرکاری فلاحی تنظیم کی طرف سے منعقدہ پری بجٹ سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس سے ڈپٹی سپیکرصوبائی اسمبلی محمودخان، وزیراطلاعات وتعلقات عامہ شوکت یوسفزئی اوردیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی تاج محمد ترند اور میاں شرافت علی کے علاوہ دوسری خواتین ممبران صوبائی اسمبلی بھی موجود تھیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ بروقت اقدامات کے پیش نظر ہم نے آنیوالی مالی سال کے بجٹ پر فروری کے مہینے سے کام شروع کیاتھا اور مختلف عوامل، مسائل اور نتائج کے پیش نظر محکمہ تعلیم کی پوری ٹیم اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ نے مل کربجٹ کو ایک حتمی شکل دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی، لڑکیوں کیلئے تین سوپرائمری سکول اور 200 مڈل سکولوں کی تعمیر کیلئے بھی بڑا حصہ مختص کیاگیاہے جبکہ کوالٹی ایجوکیشن کے حصول کیلئے بھی کئی اہم منصوبے شامل ہیں۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع بشمول کوہستان، تورغر اور دوسرے کم خواندہ اور دور آفتادہ علاقوں میں ہی معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی اور پہلے سے وضع شدہ منصوبہ بندی کے تحت ان علاقوں کو بھی بہت جلد معیار تعلیم میں دوسرے اضلاع کے برابر لایاجائیگا۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی اورصوبائی حکومتوں کی کاوشوں کی بدولت یکساں نظام تعلیم پر بھی کام کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور بہت جلد عوام کو بڑی خوشخبری ملے گی۔ مشیرتعلیم نے دوران خطاب طلباء کے حوالے سے کہاکہ طلباء کیلئے سکول بیگز کے حوالے سے بہت جلد ایک پالیسی لارہے ہیں جس کے تحت طلباء اور طالبات کیلئے سکول بیگ کے وزن کا تعین کیاجائیگا اور طلباء کو سکول بیگ کے اضافی وزن سے چھٹکارا مل سکے گا۔ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے حوالے سے ضیاء اللہ خان بنگش کا کہناتھا کہ مختلف مسائل کی نشاندہی، سکولوں کیلئے ضروریات کی فراہمی بشمول دیگراہم کاموں میں اس ادارے کی راہنمائی حاصل رہی اوربروقت اقدامات کئے گئے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ آنے والے مالی سال کابجٹ ایک بہترین بجٹ ہے اورامید ہے کہ محکمہ تعلیم کے کئی اہم منصوبوں کو تکمیل کے بدولت بہت اہم کامیابیوں کا حصول یقینی ہوجائیگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
22518