Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام صوبے بھر میں ویلج و نیبرہوڈ کونسلز کی سطح پر سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام صوبے بھر میں ویلج و نیبرہوڈ کونسلز کی سطح پر سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں ویلج و نیبرہوڈ کونسلز کی سطح پر سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شہریوں کو صوبائی حکومت کی ون ونڈو آپریشن پالیسی کے مطابق برتھ، میرج و ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے علاؤہ تمام میونسپل سہولیات ایک ہی جگہ سے مہیا کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید ظہیر الاسلام شاہ کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ بلدیات اور نادرا حکام کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مذکورہ سنٹرز کو نادرا کے ڈیٹابیس سے منسلک کرنے اور دیگر سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بعض ضروری فیصلے بھی کئے گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے تمام حکومتی معاملات اور خدمات کی ڈیجٹلائزیشن کا عمل شروع کیا ہے جس پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور اس کا مقصد عوام کو ہر قسم کی سہولیات اور خدمات کی انکی دہلیز پر فراہمی یقینی بنانا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ان حکومتی اقدامات کی بدولت بہت جلد کوئی بھی شہری اپنے موبائل پر ایک کلک کے ساتھ صوبائی حکومت کی خدمات اور سہولیات پلک جھپکتے ہی حاصل کرنے کے قابل بن جائے گا اور انہیں اپنے ضروری کاموں کیلئے ماضی کی طرح مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے اور ہفتوں یا مہینوں انتطار کی زحمت اور تکالیف اٹھانے سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب آن لائن سہولیات میں محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی خدمات بھی شامل کی جائیں گی اور شہری محکمہ بلدیات اور میونسپل سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔ سیکرٹری بلدیات نے امید ظاہر کی کہ نادرا کے حکام ویلج اور نیبرہوڈ کونسلز سطح پر فیسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام کے منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے میں محکمہ بلدیات سے پورا تعاون کرے گا تاکہ محکموں سے متعلق حکومت کی تمام سہولیات عوام کو گلی محلہ میں ہی انکی دہلیز پر مہیا ہوں اور فلاحی ریاست کا خواب حقیقی معنوں میں شرمندہ تعبیر بنے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70053