Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے پبلک و کمرشل سوئمنگ پولزکیلئے ذیلی قوانین وضع کر دیئے

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا کے محکمہ بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی نے صوبے میں قائم سوئمنگ پولز کے لیے ذیلی قوانین تیار کرلیے ہیں جن کے مطابق 7 سال سے کم عمر کے بچوں کی تیراکی پر اور کھلے میدانوں میں سوئمنگ پول قائم کرنے پر پابندی ہوگی۔ سوئمنگ پول قائم کرنیکے لئے تحصیل حکومت سے رجسٹریشن کرانے کے ساتھ ساتھ اس کے لئے مناسب جگہ اور ٹی ایم اے سے منظور شدہ پلان بھی حاصل کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے ساتویں شیڈول میں درج قوانین کو عمل میں لاتے ہوئے صوبے میں پہلے سے قائم اور نئے پبلک و کمرشل سوئمنگ پولز کے لئے ماڈل بائی لاز بنائے ہیں۔ ان ذیلی قوانین کے بنانے کا مقصد پبلک و کمرشل سوئمنگ پولز کو قانون کے دائرے میں لانا اور پبلک سیفٹی کے قوانین پر عملداری یقینی بنا کر صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ محکمہ بلدیات کی جانب سے سوئمنگ پولز کے لئے تیار کیے گئے ذیلی قوانین میں پولز قائم کرنے کے لئے تحصیل حکومت سے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ اس مقصد کے لئے مناسب جگہ اور مقام کے علاوہ ٹی ایم اے سے منظور شدہ پلان حاصل کرنا بھی ضروری ہو گا۔ ٹی ایم اے سے منظور شدہ پلان میں سوئمنگ پول کے روزانہ کے اوقات کار، سکیورٹی، کام پر مامور عملہ، سیفٹی پلان، صفائی کے حوالے سے ایس او پیز اور فیس سٹرکچر وضع کیا جائے گا۔ ذیلی قوانین کے مطابق سوئمنگ پول باقاعدہ ڈھانپا ہوا ہونا چاہیے جبکہ تیراکی کے لئے ہدایات بھی مناسب جگہ پر آویزاں کی جائی چاہیں۔ اس طرح لائف گارڈز کی تعیناتی، لائف جیکٹس، سیفٹی گرلز، فرسٹ ایڈ کٹس اور سٹریچرز کی دستیابی بھی یقینی بنانا ہو گی۔ ذیلی قوانین میں واضح کیا گیا ہے کہ 7 سال سے کم عمر بچوں کی تیراکی پر پابندی ہوگی جبکہ 7 سے 14 سال کے لڑکے بڑوں کے ہمراہ سوئمنگ پول جا سکتے ہیں تاہم تیراکی اسی صورت کر سکتے ہیں جب متعلقہ پول بچوں کے لئے ہی بنایا گیا ہو۔ ٹی ایم اے اپریل سے اکتوبر تک چلنے والے سوئمنگ پولز کی انسپکشن دو بار کرے گی جبکہ پورا سال چلنے والے پولز کی اس دوران تین بار انسپکشن کی جائے گی۔ وبائی امراض جیسا کہ ڈینگی وغیرہ کے پھیلنے کی صورت میں سوئمنگ پولز کو بند کر دیا جائے گا۔ جس کا مقصد اس مرض پر قابو پانا اور اسے مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔ سوئمنگ پولز انتظامیہ کی جانب سے قوانین کی پاسداری نہ کرنے اور ان پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ٹی ایم او کے پاس اس سوئمنگ پول کا لائسنس یا پرمٹ کینسل کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
22454