Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ اطلاعات کو پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے جملہ امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمے کو صرف حکومتی تشہیر کی بجائے نچلی سطحپر عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان مسائل کو بروقت حل کرنے کے سلسلے میں ٹھوس اور قابل عمل تجاویز پیش کرنے اور عوام کو مختلف سماجی مسائل کے بارے میں شعور دینے کے لئے مو ثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کے بارے میں حقیقت پر مبنی معلومات کی فراہمی کے لئے محکمہ اطلاعات کے روایتی انداز کا ر کو یکسر تبدیل کرکے اسے جدید دور کے تقاضوں اور عوامی توقعات سے ہم آہنگ بنانے کے لئے ایک قابل عمل پلان تشکیل دیا جائے اور اس پلان پر عملدرآمد کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقرر کی جائیں۔

وہ جمعرات کے روز محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، سیکرٹری اطلاعات ارشد خان، وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکرٹری مسعود یونس اور محکمہ اطلاعات کے دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو محکمہ اطلاعات کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اس کے کام کے انداز میں جدت لانے کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابلاغ عامہ کے شعبے میں رونما ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے محکمہ اطلاعات کو روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا جس کے لئے محکمے کے جملہ امور میں جدید عصری تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ محکمہ اطلاعات کو حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس اہم ذمہ داری سے عہدہ برآ ہونے کے لئے محکمہ اطلاعات کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی بھر پور توجہ دینے اور ابلاغ کے اس شعبے میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی تاہم محکمہ کو اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔

وزیراعلیٰ کا سربند پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی مذمت اور پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہارتعزیت

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور کے علاقہ سربند میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگا ن کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتار ی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
56528