Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان وزارت صحت

شیئر کریں:

تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان وزارت صحت

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)وفاقی وزارت برائے قومی صحت نے کہا ہے کہ نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر وزارت نے تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے،حکومت سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔بدھ کو اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ سگریٹ ساز کمپنیوں کو قوانین کی خلاف ورزی پر بھی نوٹس جاری کئے جائیں گے، مختلف کمپنیاں سگریٹ کی اشتہاری و فروغی مہم میں ملوث ہیں جنہیں وزارت نے 10 دن کے اندر تحریری وضاحت دینے کا حکم دیا ہے، غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں مزید قانونی کارروائی کی وارننگ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فلپ مورس،خیبر ٹوبیکو کمپنی، سیمسن گروپ،نیشنل ٹوبیکو کمپنی، یونیورسل ٹوبیکو کمپنی،سول ٹوبیکو کمپنی، وطن ٹوبیکو کمپنی، رائل ٹوبیکو کمپنی اور سووینیتر ٹوبیکو کمپنی کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کے مطابق سگریٹ نوشی کی اشتہاری مہم اور پروموشنز کی سکیموں پر پابندی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ اور قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت اور فلاح وبہبودکیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔

 

پنجاب کے سرکاری اداروں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(سی ایم لنکس) پنجاب کے سرکاری اداروں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بجلی کے بلوں میں بھاری اضافے پر جہاں عوام پریشان ہیں، وہیں سرکاری ادارے بھی مشکل کا سامنا کررہے ہیں۔ صورت حال کے پیش نظر پنجاب کے سرکاری اداروں کی عمارتوں اور تنصیبات کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیئرمین پی این ڈی افتخار سہو کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کئی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی 5 واسا اور 19 دیگر اداروں کی عمارتیں اور تنصیبات سولر سسٹم پر منتقل ہوں گی۔ واسا راولپنڈی کے راول فلٹریشن پلانٹ کو 250 کے ڈبلیو کے سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ راول فلٹریشن پلانٹ کے سولر پر منتقلی پر 6 کروڑ خرچ ہوں گے۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کو 50 کروڑ کی لاگت سے 2 میگا واٹ سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی،لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کی واسا کو دستیاب سائٹس پر سولر سسٹم لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔دریں اثنا پنجاب کے 19 اداروں سے سولر سسٹم لگانے کے پراجیکٹس کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ سرکاری ادارے سولر سسٹم پر جاکر ماہانہ 60 سے 70 فیصد بجلی بل کی بچت کرسکیں گے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78437