Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ماتحت عدالتیں خود سے کرپشن ختم کریں ورنہ مہینہ ڈیڑھ میں برطرفی کے نوٹسز ملنا شروع ہو جائیں گے۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ابراہیم خان

Posted on
شیئر کریں:

ماتحت عدالتیں خود سے کرپشن ختم کریں ورنہ مہینہ ڈیڑھ میں برطرفی کے نوٹسز ملنا شروع ہو جائیں گے۔چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس ابراہیم خان
ججز عمل سے خود کو منصف ثابت کریں تاکہ انصاف کی فراہمی نظر آئے اور عوام کا اعتماد عدلیہ پر بحال ہوں
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراھیم خان کا بنوں میں پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراھیم خان نے بنوں میں پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بنوں بینچ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماتحت عدالتوں سے کرپشن کی شکایات آرہی ہیں ماتحت عدالتیں خود سے بدعنوانیوں کا خاتمہ کریں ورنہ مہینہ ڈیڑھ میں برطرفی کے نوٹسز ملنا شروع ہو جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ججز خود کو عمل سے منصف ثابت کریں تاکہ انصاف کی فراہمی نظر آئے اور عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں دورے کے موقع پر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بنوں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ججز سرکاری حکام اور افسران کے ساتھ احترام اور نرمی سے پیش آئیں اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کیا کریں۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے بنوں ہائی کورٹ میں ڈیجیٹل لائبریری اور مینگورہ دارلقضاء کی طرز پر آئی ٹی سہولیات کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔

 

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے بنوں میں سروس ٹریبونل کیمپ کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ سروس ٹریبونل کے جج اب بنوں میں بھی کیسز سنیں گے اور میرٹ پر فیصلے کیا کریں گے تاکہ یہاں کے عوام اور وکیلوں کو سروس ٹریبونل کیلئے پشاور جانا نہ پڑے۔ جسٹس ابراھیم خان نے کہا کہ ضلع کرک میں جوڈیشل کمپلیکس کی مرمت و بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے گا، اس موقع پر چیف جسٹس نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بنوں کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا اور انکو مبارکباد پیش کی، نو منتخب کابینہ ہائی کورٹ بار کے صدر سردار نعیم خان سدوزئی جبکہ جنرل سیکرٹری پیر انعام اللّٰہ شاہ و کابینہ ممبران نے بھی حلف میں حصہ لیا اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراھیم خان کا شکریہ ادا کیا تقریب حلف برداری میں جسٹس فضل سبحان اور جسٹس خورشید اقبال، کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل، ریجنل پولیس افسر قاسم علی خان، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد نواز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر افتخار شاہ نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ صدر ہائی کورٹ بار ججز کی تقرری کیلئے میرٹ پر تین سے پانچ ججوں کے نام تجویزکریں تاکہ ججز سکروٹنی کے عمل میں شامل کیا جا سکے۔

 

بنوں دورے کے دوران چیف جسٹس ابراھیم خان نے سینٹرل جیل بنوں کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کو سینٹرل جیل بنوں میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے منشیات سمیت مختلف بارکس کے معائنے کئے اور وہاں پر سہولیات کا جائزہ لیا۔ بنوں دورے کے دوران چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراھیم خان نے لوئر کورٹس بنوں کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر سہولیات اور عدالتی کارروائی کا جائزہ لیا۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ابراھیم خان نے کہا کہ لوئر کورٹس میں کسی قسم کی بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ عدالتی نظام کو مزید صاف و شفاف بنایا جاسکے۔

chitraltimes chief justice peshawar high court justice ibrahim visit bannu speech chitraltimes chief justice peshawar high court justice ibrahim visit bannu speech2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
80519