Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

لواری ٹنل کو بندکرنے کی سفارش انتہائی غیردانشمندانہ ہے ۔۔۔نیاز اے نیازی

شیئر کریں:

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ہیومن رائٹس فاو نڈیشن چترال کے صدر نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے آل پارٹیز کانفرنس چترال کی طرف سے لواری ٹنل کو دس دنوں کے لئے بند کرنے کی سفارش کو انتہائی غیر دانشمندانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مزید پیچیدگیاں جنم لیں گے اور حالات اس نہج پر پہنچ جائیں گے کہ انتظامیہ کے لئے ان پر قابو پانا آسان نہیں رہے گا۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ اگر دس دن تک مختلف شہروں سے آنے والے لوگوں کو روکے رکھے گئے تو ان کی بہت بڑی تعداد جمع ہوجائے گی جن کے لئے قرنطینہ سنٹروں میں جگہ بھی دستیاب نہیں ہوگی اور کئی انتظامی مشکلات جنم لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دس دنوں تک لواری ٹنل کی بندش سے اشیائے خوردونوش کی سپلائی کا سلسلہ منقطع رہنے سے غذائی قلت کا سنگین مسئلہ سراٹھانے کے ساتھ ساتھ دس دن بعد ان اشیاء کی خریداری کے لئے مقامی لوگوں کی بھی بڑی تعداد مارکیٹ کا رخ کرے گی جس سے سوشل ڈسٹنسنگ ممکن نہیں رہے گی۔ انسانی حقوق کے علمبردار نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ڈاؤن کنٹری سے آنے والوں کے لئے رائج طریقہ کار کو ڈسٹرب کرنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے جس کے ساتھ مقامی لوگ عادی ہوچکے ہیں اور انتظامیہ نے بھی اس سلسلے میں ایک میکینزم بنالیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر دس دن تک لواری ٹنل کو بند رکھا گیا تو غیرمعمولی صورت کا پیدا ہونا فطری امرہے جس کے بارے میں آل پارٹیز کے قائدین کو سوچنا چاہئے تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
34959