Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قومی شناختی کارڈ سے مفت صحت سہولیات کی مد میں 7 لاکھ سے زائد فی خاندان خرچ کرسکیں گے

Posted on
شیئر کریں:

خیبرپختونخوا قومی شناختی کارڈ کو بطور صحت سہولت کارڈ استعمال کرنے والا ملک میں پہلا صوبہ بن گیا ہے۔وزیراعلیٰ
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مفت صحت سہولت کارڈ کی پورے صوبے میں توسیع کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا قومی شناختی کارڈ کو بطور صحت سہولت کارڈ استعمال کرنے والا ملک میں پہلا صوبہ بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اب قومی شناختی کارڈ کو بطور صحت سہولت کارڈ ستعمال کیا جا سکے گا جبکہ قومی شناختی کارڈ سے مفت صحت سہولیات کی مد میں 7 لاکھ 20 ہزار روپے فی خاندان کے علاج معالجے پر خرچ کئے جائینگے، جو کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مفت صحت سہولیات کی فراہمی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے اور عوام کا بنیادی حق ہے جبکہ صحت سہولت پروگرام کے تحت عوام کو مفت صحت سہولیات کی فراہمی حقیقی معنوں میں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ قومی شناختی کارڈ کوبطور صحت سہولت کارڈ استعمال کرنے کے حوالے سے عوام میں آگاہی مہم چلائی جائیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میںصحت سہولت پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے میڈیا افتخار درانی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ قبائلی اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر ، ایس ایس یو ہیڈ صاحبزادہ سعید، سیکرٹری ہیلتھ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت صحت سہولت کارڈ کے ذریعے پورے خیبرپختونخوا کے عوام کو یکساں صحت سہولیات فراہم کی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں قومی شناختی کارڈ ز کو بطور صحت سہولت کارڈ استعمال کیا جاسکتا ہے اور عوام اس سپیشل سہولت سے اب بھرپور استفادہ لے سکتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ عوام کی آگاہی کیلئے قبائلی اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں بروشرز اور بینرز وغیرہ آویزاں کردی گئی ہیں تاکہ کوئی بھی فرد اس سہولت سے محروم نہ رہ سکے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قومی شناختی کارڈز کو بطور صحت سہولت کارڈ متعارف کرانا یقینا عوام دوست حکومت کا ایک اہم اور بڑا قدم ہے ۔یہ فیصلہ عوام کو مفت صحت سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفید ہونے چاہئے اور واضح کیا ہے کہ عوام کی آگاہی کیلئے محکمہ صحت اور محکمہ اطلاعات اس ضمن میں عوامی آگاہی مہم کو مثبت اور مو ¿ ثر بنائیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحت سہولت کارڈ کے حوالے سے مختلف میڈیمز پر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تکمیل کے قریب تمام فلیگ شپ پراجیکٹس مکمل کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ہسپتالوں میں تمام سہولیات کی کمی پوری کی جائے گی جبکہ ان ہسپتالوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تمام محکمے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے جبکہ صوبائی حکومت اس ضمن میں تمام محکموں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو مفت صحت سہولیات کی فراہمی فلاحی ریاست کی طرف اہم اور تاریخی قدم ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
24073