Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قومی اسمبلی میں عالمی برادری کی موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں میں معاونت کو سراہنے کی متفقہ قرارداد منظور

Posted on
شیئر کریں:

قومی اسمبلی میں عالمی برادری کی موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں میں معاونت کو سراہنے کی متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )قومی اسمبلی نے ایک متفقہ قراداد کی منظوری دی ہے جس میں عالمی برادری، انٹر نیشنل تنظیموں، بیرون ملک مقیم مخیر پاکستانیوں اور سول سوسائیٹی کی موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں میں معاونت کو سراہا گیا ہے۔ہفتہ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی رومینہ خورشید عالم نے قراداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان بین الاقوامی تنظیموں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف پاکستان کی کوششوں کے لیے عالمی برادری کے تعاون اور موسمیاتی آفات سے متاثرہ کمزور طبقات کی بحالی میں ان کی امداد کو تسلیم کرتا ہے۔ایوان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور اس کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے عالمی تعاون کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ ایوان محسوس کرتا ہے کہ شدید موسمی واقعات، جیسے کہ 2022 کے سیلاب نے خاص طور پر کمزور طبقات کو شدید متاثر کیا ہے، موجودہ موسمیاتی مسائل میں اضافہ کیا ہے جس سے خواتین اور بچوں کو نفسیاتی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے۔یہ ایوان آب و ہوا سے متعلق بحرانوں کے پیش نظر معاشرے کے ان طبقات کے تحفظ اور ترقی کے لیے اجتماعی کاوشوں کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ یہ ایوان اسلامک ریلیف ورلڈ وائیڈ، اقوام متحدہ (یو این) کے پاکستان کے موسمیاتی کاوشوں کو آگے بڑھانے میں ان کے اہم کردار کو سراہتا ہے۔ ان کے اقدامات نے موسمیاتی لچکدار بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے اور پائیدار معیشت کو فروغ دینے میں مدد کی ہے۔یہ ایوان حکومت پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرے، ان کی مہارت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے، ملک کی موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کو کم کرنے کی پالیسیوں اور قدرتی آفات کے خطرے میں کمی لانے کی حکمت عملیوں کو بہتر بنائے۔یہ ایوان بین الاقوامی تنظیموں سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ معلومات کے تبادلوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
76028