Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل اور عام انتخابات کے کیسز سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر

Posted on
شیئر کریں:

فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل اور عام انتخابات کے کیسز سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف اور عام انتخابات کے کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرلیے گئے۔چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل کمیٹی کے فیصلے کے بعد عدالت عظمیٰ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل اور عام انتخابات کے کیسز سماعت کیلیے مقرر کردیے ہیں۔سپریم کورٹ نے مقدمے کے فریقین کو باقاعدہ نوٹسز بھی جاری کردیے ہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ 23 اکتوبر کو فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت کرے گا۔ لارجر بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔ سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت 23 اکتوبر ساڑھے 11 بجے ہوگی۔ کیس کی گزشتہ سماعت 3 اگست کو ہوئی تھی۔دریں اثنا سپریم کورٹ میں دوسرا اہم مقدمہ 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق ہے، جس کی سماعت بھی 23 اکتوبر کو ہوگی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ اس بینچ میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم کورٹ بار اور پی ٹی آئی سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

 

پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش گرفتار

پشاور(سی ایم لنکس)تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ آئی جی خیبر پختون خوا کی پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار نہ کرنے کی پشاور ہائی کورٹ کو کی گئی یقین دہانی کے باوجود تحریک انصاف کے رہنما اور سابق خیبر پختون خوا حکومت کے صوبائی وزیر کامران بنگش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق انہیں نو مئی کی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے، ان کے خلاف تھانہ کابلی میں نومئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا مقدمہ درج تھا۔واضح رہے کہ تین روز قبل منگل 17 اکتوبر کو پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بار بار گرفتار پر برہمی کا اظہار کیا تھا جس پر آئی جی اور چیف سیکریٹری کے پی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا اگر کوئی بات ہوگی تو عدالت سے رجوع کیا جائیگا تاہم آج پھر ایک رہنما کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80587