Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

غیر مستقل ملازمین کے حوالے سے اجلاس، حتمی منظوری کیلئے سفارشات مرتب،

Posted on
شیئر کریں:

ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے سفارشات مرتب،حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو پیش کیا جائے گا۔
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی کو بے روزگار نہیں کرے گی،ماضی میں غیر مستقل بنیادوں پر بھرتی ہونے والے پراجیکٹ و دیگرایڈہاک ملازمین کو قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور انصاف فراہم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف سرکاری محکموں میں خیبر پختونخوا ایمپلائز (ریگولرائزیشن آف سروسز) ایکٹ2018 کے بعد غیر مستقل پراجیکٹ ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے قائم “Anomaly Commitee for Regularization of Employees” کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سید جمال الدین شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا ایمپلائز (ریگولرائزیشن آف سروسز) ایکٹ2018 کے بعد مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے غیر مستقل پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے تمام قانونی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ ملازمین کے حوالے سے ماضی میں واضح پالیسی نہ ہونے یا دیگر ناگزیر وجوہات کے باعث ان کو مستقل نہیں کیا جاسکا۔ حکام نے بتایا کہ اس وقت 12 مختلف سرکاری محکموں میں 200 سے زائد ملازمین گزشتہ کئی سالوں سے غیر مستقل بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔کمیٹی نے تمام امور کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دیتے ہوئے صوبائی کابینہ کی حتمی منظوری کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی کو بے روزگار نہیں کرے گی اور غیر مستقل ملازمین کوان کے مستقبل کے حوالے سے جلد خوشخبری ملے گی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں روزگار کے مواقع فراہم کررہی ہے کسی کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا بلکہ ماضی میں رہ جانے والے غیر مستقل ملازمین کوبھی بھرپور انصاف فراہم کیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
21700