Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عید کے دوران چترال آنےوالےسیاحوں کی گاڑیوں‌کی تعداد گیارہ ہزار، سلسلہ جاری ہے…..ڈی آئی جی

Posted on
شیئر کریں:

سوات (چترال ٹائمزرپورٹ ) ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ڈویژن محمد سعید خان وزیر عیدالفطر کے تینوں ایام کے دوران سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث سیاحوں کی سیکورٹی اور ٹریفک انتظامات کے سلسلے میں پوری طرح متحرک رہے انہوں نے اس سلسلے میں آٹھوں اضلاع سوات، بونیر، شانگلہ، چترال، دیر بالا وپائیں، ملاکنڈ اور باجوڑ کی پولیس و ضلعی انتظامیہ اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے رابطوں کے علاؤہ مختلف معروف شاہراہوں کے دورے بھی کئے اور تمام صورتحال سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہی حاصل کرتے رہے سوات کے پولیس ریسٹ ہاؤس میں پولیس افسران سے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ سیاحوں کی کثیر تعداد نے ڈویژن کے تمام اضلاع میں موجود پرفضا مقامات کا رخ کرلیا ہے اسلئے پولیس افسران ذاتی نگرانی میں ٹریفک انتظامات پر توجہ دینے کے علاؤہ ان سیاحوں کی خدمت اور خاطر تواضع میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اس ضمن میں وہ خود بھی مختلف مقامات پر سیاحوں سے ملتے اور ان سے سفری مسائل کا پوچھتے رہے انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کی رہنمائی کیلئے مختلف مقامات پر پولیس کے جوان تعینات ہیں تمام پرفضا مقامات کو سیاحوں کیلئے محفوظ بنا دیا گیا ہے اسلئے سیاح ہر جگہ بلا خوف و خطر گھوم پھر سکتے ہیں.

ڈی آئی جی مالاکنڈ ڈویژن کے دفتر سے چترال ٹائمزڈاٹ کام کو جاری اعدادوشمار کے مطابق عیدالفطر کے تینوں ایام تک سوات میں آنے والے سیاحوں کی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار، بونیر 8000، شانگلہ 3000، دیر لوئر 24000 ہزار، دیر اپر 6000ہزار اور چترال 11000 ہزار ہے جبکہ سیاحوں کی آمد و رفت کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے جس کیلئے ٹریفک اور سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں اسی طرح ڈویژن کے مختلف اضلاع میں آنے والی گاڑیوں کی تعداد ایک لاکھ 97000 ہزار ہے اور ان میں سفر کرنے والے لاکھوں سیاحوں کی سیکورٹی کیلئے پانچ ہزار 550 پولیس جوان ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے پر مالاکنڈ ڈویژن کے پولیس فورس کا مورال اونچا ہے اور اس پر مقامی لوگوں کے علاوہ باہر سے آئے ہوئے سیاحوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے مقامی لوگوں اور سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے پانچ ہزار 500 پولیس جوانوں نے عید گھروں کی بجائے سڑکوں پر گزار دی ہے منظم حکمت عملی کے سبب سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں رہا ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے جوانوں نے پولیس کا مورال اور مقام بلند کیا جس پر سب کو فخر ہے گرمیوں کے دوران بھی اس طر ح کے ماسٹر پلان کے تحت پولیس جوان اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ڈی آئی جی پولیس نے پوری دنیا کے سیاحوں کو دعوت دی ہے کہ وہ سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن کے تمام پرفضا مقامات کا رخ کریں اور بہترین موسم سے لطف اندوز ہوں انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر گھروں سے باہر اور بال بچوں سے دور ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پولیس جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے پولیس فورس کو خراج تحسین پیش کیا۔
chitral police during eid holidays11335

……………………….
سوات موٹر وے بحال ہے اور 24 گھنٹے سفر کیا جا سکتا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ
سوات (چترال ٹائمز رپورت ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے سوات ایکسپریس وے کی بندش سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سوات موٹر وے اوپن ہے اور سیاح دن رات کسی بھی وقت اس شاہراہ پر سفر کر سکتے ہیں انہوں نے اس ضمن میں اپنے ٹوئٹ میں مزید واضح کیا کہ سوات موٹر وے وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایت پر عیدالفطر سے دو روز قبل کھول دی گئی ہے تاکہ عام لوگوں بالخصوص سیاحوں کو عید کے موقع پر ملاکنڈ ڈویژن کے کسی بھی مقام تک آمد و رفت میں آسانی ہو کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے یہ بھی واضح کیا کہ موٹر وے کو عارضی طور پر کھولنے کا اعلان اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ اس پر مسافر گاڑیوں کو گذرنے کی سہولت میسر ہو اور ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہونے پائے جبکہ فی الحال بھاری مال بردار گاڑیوں کو اس شاہراہ سے گزرنے کی اجازت نہیں اسلئے سوات ایکسپریس وے پر مسافر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہے اور لوگ بالخصوص سیاح ملاکنڈ ڈویژن کے تمام علاقوں تک فوری رسائی کیلئے اس شاہراہ کو بآسانی استعمال کر سکتے ہیں جبکہ ایف ڈبلیو او کا مستعد عملہ بھی شروع دن سے ٹنل کے علاؤہ مختلف مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے فرائض چکا ہے اس کے علاؤہ ایکسپریس وے پر مناسب مقامات پر پٹرول پمپس، سروس سٹیشن، ٹک شاپ اور زنانہ و مردانہ واش رومز کی سہولیات بھی میسر ہیں جبکہ ایف ڈبلیو او کے سیکورٹی اور دیگر عملے سے ٹورازم روٹس اور مقامات سے متعلق رہنمائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے جنہیں اس مقصد کیلئے خصوصی تربیت اور ہدایات دی گئی ہیں ریاض خان محسود نے مزید واضح کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تمام سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس، ریسکیو ٹیمیں، انفارمیشن سینٹر اور دیگر اداروں کی خدمات بھی سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کیلئے چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں جو سیزن کے آخر تک موجود رہیں گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
22783