Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عوام کی خدمت صحافت کا مقدس فرض ہے،صحافت معاشرے کے ایک اہم ادارے کی حیثیت رکھتی ہے، گورنرحاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

عوام کی خدمت صحافت کا مقدس فرض ہے،صحافت معاشرے کے ایک اہم ادارے کی حیثیت رکھتی ہے، گورنرحاجی غلام علی

گورنرحاجی غلام علی کا دورہ ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ پریس کلب کی 50سالہ گولڈن جوبلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ عوام کی خدمت صحافت کا مقدس فرض ہے، صحافت معاشرے کے ایک اہم ادارے کی حیثیت رکھتی ہے۔ صحافی کی مثبت خبر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ہم نے ریاست اور ریاستی اداروں کا ساتھ دینا ہے، کسی ایک فرد کی غلطی کو ریاست کیخلاف استعمال نہ کیا جائے، ہمیں نئی ایجادات اور ریسرچ پر توجہ دینی چاہئے تاکہ زراعت کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر بدھ کے روز ڈیرہ پریس کلب کی 50سالہ گولڈن جوبلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ڈیرہ پریس کلب پہنچنے پر گورنراوردیگرمہمانوں کا شاندار استقبال کیاگیا۔ تقریب میں سابق نگران صوبائی وزیر حلیم خان قصوریہ، کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک،ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی، صدرڈیرہ پریس کلب یاسین قریشی، جنرل سیکرٹری اقبال بھٹی، سابق صدر احمد خان کامرانی، کفیل احمد نظامی، مولانا عبیدالرحمن،وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈاکٹر شکیب اللہ خان سمیت، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری، بزنس کمیونٹی، وکلاء اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صدر پریس کلب یاسین قریشی نے اپنے خطاب میں گورنر کا خیرمقدم کیا اور ڈیرہ پریس کلب کی 50 سالہ تاریخ پرروشنی ڈالی اور ڈی آئی خان کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔بانی رکن ڈیرہ پریس کلب احمد خان کامرانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور گورنرسے ڈی آئی خان پریس کلب کے صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کامطالبہ کیا۔ انہوں نے گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت پرگورنر کاشکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہاکہ ڈیرہ پریس کلب کاصحافیوں کے مسائل کے حل اور اُن کی فلاح و بہبود میں بنیادی کردار ہے۔انہوں نے کہاکہ قوموں کی تعمیرمیں صحافت انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے، صحافت کو معاشرے کی تیسری آنکھ اور جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے، صحافی اپنے قلم کے ذریعے معاشرے کے مسائل کو منظر عام پر لاتا ہے۔عوام میں سماجی اور سیاسی شعور بیدار کرنا، صحت مند ذہن اور نیک رجحانات کو پروان چڑھانا، جذبہ ہمدردی، رواداری اور عوامی مشکلات و مسائل کی آئینہ داری کرنا صحافت کا بنیادی فریضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جب سے گورنر کا عہدہ سنبھالا ہے، صوبے کے عوام کے درپیش مسائل کے حل، اعلی تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کررہے ہیں۔ صوبے کی یونیورسٹیوں کواپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں، صرف ساڑھے 11ماہ میں 10ہزار طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں ہیں۔

علاوہ ازیں گورنرنے سرکٹ ہاؤس ڈی آئی خان میں ڈی آئی خان چیمبرآف کامرس کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ تقریب میں صدر ڈی آئی خان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ظفر خان،مولاناعبیدالرحمن سمیت بزنس کمیونٹی، تاجرتنظیموں کے نمائندے شریک تھے۔صدر ڈی آئی خان چیمبر نے گورنر سے چیمبرکے قیام کیلئے اراضی کی فراہمی کا مطالبہ کیا جس پر گورنر نے کہاکہ چیمبرکی تعمیر کیلئے روڈ کنارے موزوں اراضی کی دستیابی کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ بزنس کمیونٹی ترقی کرے اور انکی مشکلات و مسائل کا خاتمہ ہو اور تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔میری شروع سے کوشش رہی ہے کہ مقامی سطح پر تیار ہونیوالی مصنوعات کو فروغ دیں جس سے نہ صرف بزنس کمیونٹی کافائدہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت کے استحکام کاباعث بھی بنے گی۔
بعدازاں گورنرسابق نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ کی رہائش گاہ بھی گئے اور اُن کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ عشائیہ میں کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک،ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی سمیت بزنس کمیونٹی اورسیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

chitraltimes governor kp di khan press club 50 years celebration 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81723