Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عبوری وفاقی کابینہ نے دیت کی رقم 67 لاکھ57 ہزار 902 روپے مقرر کردی

Posted on
شیئر کریں:

عبوری وفاقی کابینہ نے دیت کی رقم 67 لاکھ57 ہزار 902 روپے مقرر کردی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیرصدارت ہونے والے عبوری وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کو اپنے جڑانوالہ دورے سے آگاہ کیا۔کابینہ اجلاس میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں انتہاپسندی اور مذہبی کشیدگی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستان میں موجود اقلیتوں کا تحفظ ریاست کے اولین فرائض کا حصہ ہے، جڑانوالہ واقعے میں ملوث افراد کی سزا یقینی بنائی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق کابینہ نے آئندہ ہفتے قومی سطح پربین المذاہب ہم ا ہنگی کانفرنس کرانے کی ہدایت کی جس میں عالمی سطح کے مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے علماء کو مدعو کرنے کا کہا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق کانفرنس پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر 2023-24 کے لیے دیت کی رقم 67 لاکھ 57 ہزار 902 روپے مقرر کردی۔

 

آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل کی واپسی پر آئینی درخواست دائر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)صدر مملکت کی جانب سے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بل واپس کرنے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا، سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔سپریم کورٹ میں درخواست ایڈوکیٹ ذوالفقار بھٹہ کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر مملکت کے بیان کے مطابق انہوں نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ ترمیمی بلوں کی منظوری نہیں دی، صدر مملکت کے بیان کے بعد بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے، امکان ہے کہ دونوں قوانین کے تحت ہونے والی قانونی کارروائی برقرار نہیں رہ سکے گی۔درخواست گزار کے مطابق یہ امکان بھی موجود ہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی قوانین کے ملزمان بری ہوجائیں گے، مشکوک نوعیت کی قانون سازی آئین کے آرٹیکل 4 کے منافی ہے، دونوں قوانین حساس نوعیت کے ہیں جن سے عام عوام کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ سپریم کورٹ سے 10 دن میں معاملے پر رہنمائی کے لیے رجوع کرے، درخواست پر فیصلے تک دونوں قوانین پر عمل درآمد معطل کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
78140