Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عام انتخابات جنوری 2024 کے آخر میں کروا دیئے جائیں گے، الیکشن کمیشن

شیئر کریں:

عام انتخابات جنوری 2024 کے آخر میں کروا دیئے جائیں گے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی، عام انتخابات جنوری 2024 کے آخر میں کروا دیئے جائیں گے۔جمعرات کو الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے کام کا جائز ہ لیااور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی اور اس کے بعد 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروا دیئے جائیں گے۔

 

 

انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ملک میں آئین کے تحت انتخابات ہو رہے ہیں، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے، افواہیں پھیلانے والوں کے لئے آج مایوسی کا دن ہے، ہمیں خوشی ہے کہ ملک میں آئین کے تحت انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ جمعرات کو نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن 30 نومبر تک تمام کام مکمل کرلے گا جبکہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 54 دن دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات ہوں گے، جو ایک بڑی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ملک میں آئین کے تحت انتخابات ہوں گے۔ انتخابات کے انعقاد سے ملک میں معاشی ترقی و سیاسی استحکام میں اضافہ ہوگا۔

 

الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کا کام 14 روز پہلے مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کا کام 14 روز پہلے مکمل کرنے کا عندیہ دیا ہے، نئی حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 14 دسمبر کی بجائے اب 30 نومبر کو کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سے قبل جاری کئے گئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیوں کی جانب سے یہ کام 7 اکتوبر کو مکمل ہونا تھا جس کے بعد حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 9 اکتوبر کو جاری ہونا تھی تاہم اب نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق یہ ابتدائی فہرست 27 ستمبر کو جاری کر دی جائے گیجس پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
79409