Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے طوفانی بارشوں اور سیلاب کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اٹھانے اور عملے اور وسائل کو متحرک کرنے کے لئے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) موسم گرما میں طوفانی بارشوں، آندھی اور سیلاب کے نقصانات سے نمٹنے کے بارے میں اعلی سطح اجلاس چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری آبپاشی، ریلیف، مواصلات و تعمیرات سمیت آرمی، ایف سی، ریسکیو، پی ڈی ایم اے حکام نے بھی شرکت کیں۔ جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو آپس میں بہترین رابطہ قائم رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ موسم گرما میں طوفانی بارشوں، آندھی، سیلاب کے نتیجے میں نقصانات سے بچنے کے لیے تمام ادارے پیشگی اقدامات اٹھائیں۔ اجلاس میں دریائے سوات کے اطراف حفاظتی بندوں اور پشتوں کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لئے ندی نالوں کی صفائی اور دریاؤں کے اطراف ناجائز تجاوزات کی تعمیر کو روکا جائے اور اس حوالے سے مسلسل کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے بروقت اقدامات ضروری ہیں جس کے لئے فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ چترال، سوات، ڈی آئی خان، ٹانک، چارسدہ سمیت جن علاقوں میں سیلابی ریلوں کا خطرہ موجود ہے وہاں پہلے سے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ ایسے اضلاع میں پہلے سے خوراک، پیٹرول، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کا سٹاک پورا رکھیں۔ اجلاس میں محکمہ ریلیف کی جانب سے مون سون پلان، بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی تیاری اور دستیاب وسائل پر بھی بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ لائف جیکٹس، کشتیاں، ہنگامی آلات و مشینری بشمول نکاسی آب کے لیے پمپ اور ایمرجنسی عملے کی پہلے سے دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ ہنگامی حالات کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ اسی طرح محکمہ ریلیف باقاعدگی سے موسم کی صورتحال سے عوام کو آگاہ رکھے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو پلوں کی فوری طور پر مرمت کرنے کا کہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

chitraltimes chief secretary chairing mon soon rain meeting dcs online


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75620