Chitral Times

Jun 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ضلع غذر میں تین آغا خان سکولوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرجی بی اسمبلی کی شرکت

شیئر کریں:

غذر ( نمائندہ چترال ٹائمز ) آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان نے ضلع غذر میں مزید تین آغاخان سکولوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر پُروقار تقریبات کا اہتمام کیا ۔ یہ تقاریب ضلع غذر کے تین مقامات : آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گاہکوچ، آغا خان ڈائمنڈ جوبلی سکول دماس اور آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول چھٹور کھنڈ میں منعقد ہوئیں ۔ اس موقع پر اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول گاہکوچ اور آغا خان سکول دماس میں نئی عمارتوں کے سنگ بنیاد کی منعقدہ تقریبات کی صدارت کی اور اپنے دست مبارک سے سکول کی دونوں عمارتوں کی بنیاد رکھی جبکہ چٹور کھنڈ میں آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول کے سنگ بنیاد کی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد نے سکول کی عمارت کی بنیاد کا پہلا پتھر نصب کیا ۔ ان تینوں تقریبات میں پریذیڈنٹ آغا خان کونسل برائے پاکستان، حافظ شیرعلی میر محفل تھے ۔

chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 11


ان تینوں سکولوں کی عمارتوں کے سنگ بنیاد کی تقریبات میں عبد الرحمان کانجی ، ممبر گلگت بلتستان اسمبلی نواز خان ناجی ، ڈپٹی کمشنر غذر ، پریذیڈنٹ ریجنل کونسلات ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان امتیاز مومن ،جنرل منیجر آغا خان ایجوکیشن سروس برائے گلگت بلتستان و چترال بریگیڈئیر ( ر) خوش محمد خان ،آغا خان ایجوکیشن کے ہیڈ، آئین شاہ کے علاوہ سول انتظامیہ اور علاقے کے معتبرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔


ذرائع کے مطابق ان نیے سکولوں کےلیے بنائی جانے والی جدید طرز تعمیر کی غمّاز عمارتوں کی تعمیر سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیداہونے والے، خطرات مثلاً زلزلے ، موسمی تغیر و تبدل جیسے شدید سردی وسخت گرمی اور دوسری قدرتی آفات سے آسانی سے نبرد آزما ہونے میں بڑی حد تک مدد ملے گی ۔ اس کے علاوہ جدید طرز تعمیر کے اصولوں پر استادہ ہونے والی ان تینوں عمارتوں کے کمرہ جماعت ، سائنسی تجربہ گاہیں ، لائبریریاں ، کانفرنس رومز ، دفاتر ، کنٹینز اور کھیل کے میدان بھی جدید تعلیمی نظام کے نقشے پر تعمیر ہوں گے ۔ 72 ہزار مربع فٹ وسیع قطعہ اراضی پر کھڑی ہونے والی یہ عمارتیں ماحول دوست گھاس ، پودوں ،پھلوں اور پھولوں سے مزئیں ہوں گی ۔ اِن عمارتوں کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ انہیں علاقے میں ،خدا نخواستہ ، کسی قدرتی آفت کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال میں پناہ گاہ کے طور پر بھی استعمال میں لایا جا سکے گا ۔

chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 1


تینوں جگہوں پر تقریبات کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد جنرل منیجر آغا خان ایجوکیشن سروس گلگت بلتستان و چترال بریگیڈیر (ر) خوش محمد خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے جدید اور معیاری تعلیم کو عام کرنے کےلیے ہز ہائنس کی خواہش کوعملی جامہ پہنانے پر ان عمارتوں کے عطیہ کنندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس گزشتہ سو سالوں سے پاکستان کے انتہائی دورافتادہ علاقوں کی نئی نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرکے اُنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کوشاں ہے ۔ ادارہ ہذا کی زیر نگرانی 156 سکولوں میں 50 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں اور ان اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک کی ترقی میں بہتر کردار ادا کر رہے ہیں ۔ اُنہوں نے مذکورہ سکولوں میں داخلوں اور درس و تدریس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سکولوں میں کم از کم 1500 مزید طلبا و طالبات کے داخلے کی گنجائش ہوگی ۔

chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 5


اس کے بعد آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان کے ہیڈ آئین شاہ اور ادارے کے چیف انجینئر تنزیف نے سکولوں کی عمارتوں کی طرز تعمیر ، خصوصیات اور سہولیات پر مہمانوں کو ایک مفصّل پرزنٹیشن دی جس میں ان عمارتوں کے کلاس رومز اور دیگر سہولیات سے شرکا ء کو آگاہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایاکہ یہ تمام منصوبے ہز ہائنس کی خواہش اور گائیڈنس کی تین اہم نکات کی بنیاد پر تکمیل کے مراحل سے گزر یں گے ۔ ان نکات میں تعلیم تک آسانی سے رسائی ، تعلیم کا اعلی ٰ معیار اور اس میں تسلسل شامل ہیں ۔ جہاں جہاں سکول تعمیر ہو رہے ہیں وہاں کوشش یہ کی جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کےلئے تعلیم کی گنجائش موجود ہو اور معیار اتنا اعلیٰ ہو کہ ان سکولوں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک اور بیرون ملک کے اعلیٰ میعار کی جامعات میں آسانی سے داخلہ لے سکیں ۔

chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 2

گاہکوچ میں سکولوں کی توسیع کی تقریبِ سنگ بنیاد کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی جناب سید امجد علی زیدی صاحب نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں کے چپے چپے تک علم کا نور پھیلانے اور ہر بچے کے لیے جدید تعلیم کی رسائی کو ممکن بنانے میں آغا خان ایجوکیشن سروس کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میں آغا خان ایجوکیشن سروس کے بلند معیار اور پیشہ ور اساتذہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کی ترقی کا خواب اُن بچوں کے درخشاں مستقبل میں دیکھتے ہیں کہ جنہوں نے آغا خان ایجوکیشن سروس کے تعلیمی اداروں بالخصوص آغا خان ہائیر سیکڈری سکولوں سے تعلیم حاصل کرکے قوم کی خدمت کرنے کا بیڑا اُٹھا یا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم صرف ایک عمارت کی نہیں بلکہ اپنے ایک تابناک مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں ۔ ان سکولوں سے فارغ التحصیل طلبہ جب ملک کی بھاگ ڈور سنھبالیں گے تو ہمارے وہ خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوں گے جنکا ہمیں برسوں سے انتظار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں دنیا کے جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کے انتظام و انصرام اور ان اداروں میں پڑھنے والے امتیازی صلاحیتوں کے حامل طلبہ کی اعلیٰ تعلیم کو ممکن بنانے کےلیے ادارے کی جانب سے خطیر وظائف اس بات کا مظہر ہے کہ آغا خان ایجوکیشن سروس قوم کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے تعلیم کے میدان میں دنیا اور خصوصی طور پر پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں بے مثال خدمات انجام دینے پر ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان کے کلیدی کردار کو سنہرے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 7

اسی طرح چٹور کھنڈ میں آغا خان ہائیر سیکنڈری سکول کی تقریب سنگ بنیاد سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد نے کہا کہ آغا خان ایجوکیشن سروس دنیا کے اُن تعلیمی اداروں کی صف میں شمار ہوتا ہے جو تیزی سے بدلتے زمانے کے ساتھ اپنے نظام میں جدت لاتے ہوئے قوم کو دنیا کے چیلنجوں کے لیے تیار رکھتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ چٹور کھنڈ میں موجودہ سکول کی توسیع سے اس علاقے کی ترقی میں بے پناہ اضافہ ہوگا کیوں کہ ہم نے یہ دیکھا ہے کہ آغا خان ہائیر سیکنڈری سکولوں میں پڑھنے والے طلبہ ان سکولوں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد دنیا کی بڑی بڑی جامعات میں آسانی سے نہ صرف داخلہ لے چکے ہیں بلکہ اپنی تعلیم مکمل کرکے قوم کی ترقی میں کلیدی کردار بھی ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہز ہائنس کی ہم پر مہربانی ہے کہ کمیونٹی میں ایسی شخصیات بھی موجود ہیں کہ جنہوں نے ان شاندار عمارتوں کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔ آخر میں ان اداروں کی کامیابی اور خیر کےلیے دعا کے ساتھ منعقدہ تقریبات کا اختتام ہوا ۔

chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 4
chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 3
chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 21
chiraltimes akhss inauguration Ghazr GB 6

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستان
55189