Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی کیساتھ ساتھ انصاف فوڈ کارڈ کا اجراء بھی اگلے ہفتے کریگی، عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی کیساتھ ساتھ انصاف فوڈ کارڈ کا اجراء بھی اگلے ہفتے کریگی، عاطف خان
پورے ملک میں خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو ریلیف کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر خوراک

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک،سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی اور کھیل و امور نوجوانان عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فلیگ شپ منصوبوں جیسے صحت انصاف کارڈ اور 35 ارب روپے سے شروع کردہ سبسڈائزڈ آٹے کی منصوبے کیساتھ ساتھ 26 ارب روپے سے انصاف فوڈ کارڈ سکیم بھی شروع کر رہا ہے جس کے تحت صوبے کے دس لاکھ خاندانوں کو ماہانہ فی خاندان اکیس سو روپے دیئے جائیں گے جس سے صوبے کے پچاس لاکھ افراد مستفید ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف فوڈ کارڈ سکیم کے اجراء پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک مشتاق احمد اور بینک آف خیبر کے عہدیداران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک کو انصاف فوڈ کارڈ سکیم کے اجراء کے حوالے سے پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فوڈ کارڈ منصوبے کے اجراء کے پہلے مرحلے میں میں ساڑھے تین لاکھ خاندانوں کو انصاف فوڈ کارڈ فراہم کیا جائے گا منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ساڑھے چھ لاکھ خاندانوں کو فوڈکارڈ کی فراہمی شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سکیم میں شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔عاطف خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پورے ملک میں واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو ریلیف کی مد میں صحت انصاف کارڈ اور سبسیڈائزڈ آٹے کی فراہمی کے بعد انصاف فوڈ کارڈ سکیم کا اجراء کیا جا رہا ہے جو دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63745