Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کی تمام آبادی کو جلد صحت کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے۔ تیمور جھگڑا

شیئر کریں:

اسٹیئرنگ کمیٹی نے کم بولی دینے والی کمپنی سے معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی۔


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبرپختونخوا کی تمام آبادی کو صحت کاڈرز کی فراہمی کے لیے حکومت خیبر پختونخوا مسلسل کوششیں کر رہی ہے اس سلسلے میں تواتر کے ساتھ مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز صحت انصاف کاڈرز کے حوالے سے اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران سمیت ایڈیشنل سیکرٹری صحت کلیم اللہ بلوچ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر طاہر ندیم، ڈی جی ہیلتھ کیئر کمیشن، چیف ہیلتھ سیکٹر ریفازمز یونٹ ڈاکٹر شاہد یونس، پروگرام منیجر ڈاکٹر ریاض تنولی، اسٹیٹ لائف کے حکام اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اسٹیرنگ کمیٹی نے سب سے کمی بولی دینے والی کمپنی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن پاکستان سے معاہدہ کرنے کی اصولی منظوری دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صحت انصاف کارڈز صوبے کی سو فیصد آبادی کو مرحلہ وار کم سے کم وقت میں دئیے جائیں گے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں کو پینل میں شامل کرنے کے حوالے سے بتایاگیا کہ اس مقصد کے لیے ایک پروفارما بنایا گیا ہے تاکہ اچھی اور بہتر صحت سہولیات کے حامل ہسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جا سکے۔ اس موقع پر وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صحت سہولت کارڈ کی اہمیت اور افادیت سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں جس کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی صحت سہولیات کے حامل پرائیویٹ ہسپتال زیادہ سے زیادہ پینل میں شامل کیے جائیں تاہم اس کے لیے واضح اور شفاف معیار ہونا چاہیے اور اس عمل میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں۔ تیمور جھگڑا نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو بہتر سے بہتر صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا کہ کنٹریکٹ کے مسودے کو اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دینے کے لیے محکمہ قانون کے ساتھ بات چیت جاری ہے جبکہ اس سے قبل صارفین کے ڈیٹا ویریفیکیشن کے لیے نادرا کے ساتھ بھی معاہدہ کیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
36058