Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں اسپتالوں کی استعداد مذید بڑھائی جارہی ہے۔۔۔اجمل خان وزیر

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے میں ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے پر کام تیزی سے جاری ہے بڑے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے مزید 176 بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔گزشتہ 10 دنوں کے دوران 32 آئی سی یو جبکہ 144 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بیڈز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کے احکامات کی روشنی میں صوبے کے اسپتالوں کی استعداد مزید بڑھائی جارہی ہے اگلے دوماہ میں مزید 1000 آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ اسی طرح کورونا مریضوں کے لئے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے کورونا سنٹر بھی بنا رہے ہیں۔ جس میں 50 آئی سی یو اور 150 ایچ ڈی یو بیڈز ہوں گے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں مزید 19 وینٹی لیٹرز اور 11 ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ایچ ایم سی میں مزید 5 آئی سی یو بستر وں اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 36 بستروں پر مشتمل ایچ ڈی یو بنایا گیا۔ ڈی ایچ کیو چارسدہ میں 8 وینٹی لیٹڈ بستروں کا آئی سی یو وارڈ اور وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال رجڑ میں 32 بیڈز کا ایچ ڈی یو بنایا گیا ہے۔ اسی طرح کورونا مریضوں کے لیے سوات میں 25، نوشہرہ اور صوابی میں مزید 20، 20 بستروں کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بنائے گئے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر میں پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں بھی بدستور جاری ہیں گزشتہ روز بھی 249 پٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ جن میں 121 پٹرول پمپس کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر وارننگز جاری کی گئیں۔ 54 پٹرول پمپس پر دو لاکھ 11 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اجمل وزیر نے صوبے میں انسداد ٹڈی دل کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں کہا کہ 17 جون تک55 ہزار 8 سو 71 ایکڑ اراضی پر اسپرے مکمل ہو چکا ہے جبکہ 45 لاکھ 59 ہزار 932 ایکڑ اراضی پر سروے بھی کر لیا گیا ہے۔ انسداد ٹڈی دل آپریشن میں 758 اہلکاروں پر مشتمل 80 ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔دریں اثناء، اجمل وزیر نے پاسپورٹ آفس پشاور کا دورہ کیا جہاں حکام کی جانب سے حالات کے مطابق اختیارکئے گئے ایس او پیز پر مشیر اطلاعات کو بریفنگ دی گئی۔ مشیر اطلاعات نے دفتر میں ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاسپورٹ حکام نے بتایا کہ دفتر میں صرف ارجنٹ سہولت فراہم کی جارہی ہے. ارجنٹ پاسپورٹ بنانے کی صورت میں بھی کورونا ٹسٹ رزلٹ چیک کیا جاتا ہے۔ اجمل وزیر نے حکام کو ہدایت کی کہ دفتر میں ایس او پیز پر عمل درآمد کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھیں کیونکہ فی الحال کورونا سے تحفظ صرف احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ ضروری سرکاری دفاتر ایس او پیز کے تحت کھولے گئے ہیں، پبلک آفسز میں ایس او پیز پر عمل درآمد اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ عوام میں احساس ذمہ داری پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ہمیں مکمل لاک ڈاون کی اجازت نہیں دیتی حکومت کو معیشت کا پہیہ بھی چلانا ہے اور کورونا کا مقابلہ بھی کرنا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں جہاں کیسز کی تعداد زیادہ ہوگی وہاں حکومت نے سمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
36723