Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ میں غریب و بے آسرا بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور جہالت کے خاتمہ کیلئے کمیونٹی اسکولز حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں، حاجی غلام علی

شیئر کریں:

صوبہ میں غریب و بے آسرا بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور جہالت کے خاتمہ کیلئے کمیونٹی اسکولز حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں، حاجی غلام علی

گورنر کی ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاونڈیشن کی گریجویشن تقریب 2023 میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، کمیونٹی اسکولز کے بچوں، اساتذہ میں اسناد و نقد انعامات تقسیم کئے

مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری تعلیم معتصم باللہ کا بھی تقریب سے خطاب، نان فارمل ایجوکیشن میں فاؤنڈیشن کے کردار و خدمات کو سراہا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاونڈیشن کے زیر اہتمام کمیونٹی اسکولز جہالت کے خاتمہ کیلئے حقیقی جدوجہد کر رہے ہیں، دور دراز علاقوں میں دشوار گزار راستوں سے گزر کر تعلیم سے محروم غریب، نادار، بے آسرا بچوں کو انکے علاقوں میں ہی تعلیم فراہم کرنیوالے ای ایس ای ایف اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چیف سیکرٹری و صوبائی حکومت کو ہدایت کرتا ہوں کہ صوبائی بجٹ میں ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاونڈیشن کیلئے خاطر خواہ بجٹ مختص کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آئی ایم سائینسز حیات آباد میں منعقدہ ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاونڈیشن کی گریجویشن تقریب 2023 سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر حاجی غلام علی، وزیر اعلٰی کے مشیر برائے تعلیم رحمت سلام خٹک، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری محکمہ تعلیم معتصم بااللہ نے فاؤنڈیشن کے زیر انتظام کمیونٹی سکولوں کے صوبہ بھر میں پانچویں جماعت میں اعلی و نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات اور اساتذہ کرام کومیڈلز، توصیفی اسناد اور نقد انعامات دیئے ۔اس کے علاوہ فاؤنڈیشن کے ذیلی پروگرام پوھہ (POHA) اور ور چویل سائنس لیب کا افتتاح بھی کیا گیا یہ ای لیب ایک جدیدترین سافٹ ویئر ہے جو طلبہ کو گھر بیٹھے سائنسی تجربات کو سمجھنے کے لئے ایک ہمہ جہت حل فراہم کرے گی۔اس موقع پر گورنر نے تعلیم سب کیلئے کے ویژن پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کرنے پر فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آنیوالے وقت میں تعلیم کے بغیر گزارا بالکل ممکن نہیں، انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں،

 

گورنر نے کہا کہ غریب و بے آسرا بچوں کو آگے بڑھانے کے مواقع و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے بغیر معاشرے میں انصاف قائم نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ مختلف یونیورسٹیوں کے کانووکیشن میں شرکت کے دوران معذور طالبعلموں کو اعلی تعلیم کی ڈگریاں حوالے کرنے کے موقع پر انکے جذبہ تعلیم کو دیکھ کر معذور طالبعلموں کی مکمل فیسیں معاف کرنیکے احکامات جاری کئے تھے اور میڈیکل کالجز، یونیورسٹیوں میں معذور طالبعلموں کو اب بالکل مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ایک تعلیم یافتہ باوقار قوم بننا ہے اور بہت جلد دنیا کے 100 فیصد تعلیمی شرح رکھنے والے ممالک کے فہرست میں پاکستان کا نام شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تقریب میں نگران وزیراعلیٰ کے مشیربرائے ابتدائی وثانوی تعلیم رحمت سلام خٹک، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور سیکرٹری تعلیم معتصم باللہ نے بھی خطاب کیا اور صوبہ میں فروغ تعلیم کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے حاضرین محفل کو آگاہ کیا، انہوں نے اپنے اپنے خطاب میں بتایا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا میں نان فارمل نظام کے تحت ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کاوشوں میں ہر ممکن کوشش کریگی تاکہ صوبے میں تعلیم سے محروم لاکھوں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر سکیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ نان فارمل طریقہ تعلیم ایک موثر اور کم لاگتی پروگرام ہے اور وسائل کی کمی اور درپیش چیلنج کو مد نظر رکھ کر تعلیم تک رسائی صرف نان فارمل نظام سے ہی ممکن ہے، تقریب سے ای ایس ای ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر ظریف المعانی نے بھی خطاب کیا اور گورنر، مشیر تعلیم،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ایجوکیشن کا فاونڈیشن کے کمیونٹی اسکولز کی سرپرستی کرنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے بتایا کہ فاونڈیشن کے کمیونٹی اسکولز سے پسماندہ اضلاع کے بچے آج ملک بھر کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ان بچوں اور انکے اساتذہ کی کامیاب تعلیمی سفر کی ویڈیو ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئیں، تقریب میں سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی، ڈائریکٹر آئی ایم سائینسز عثمان غنی، ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اقبال، چئیرمین پشاور بورڈ نصراللہ خان کے علاوہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صوبہ کے تمام اضلاع کے کمیونٹی اسکولز کے بچوں، اساتذہ اور والدین شریک تھے-#

 

chitraltimes governor kp haji ghulam ali addresing elementary edu foundation graduation program 2 chitraltimes governor kp haji ghulam ali addresing elementary edu foundation graduation program 3

دریں اثنا گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے جنوبی اضلاع لکی مروت, بنوں، کرک میں آندھی اور طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا ظہار کیا ہے اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے. گذشتہ روز طوفانی بارشوں اور آندھی کے فوراً بعد گورنر نے چیف سیکرٹری سے ٹیلی فون رابطہ کر کے آندھی, طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنیکی ہدایت کی تھی، انہوں نے ہلال احمر خیبرپختونخوا کو بھی فوری طور پر امدادی ٹیمیں لکی مروت اور بنوں بجھوانے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی تھی، گورنر نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ قدرتی آفات میں پاک فوج نے ہمیشہ عوام کی امداد میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، گورنر نے کہا کہ بارشوں، آندھی طوفان سے جانبحق افراد کے لواحقین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں. انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی.


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75545