Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 87 لاکھ 78 ہزار 980 روپے جرمانے وصول۔اجمل وزیر

شیئر کریں:

صوبائی حکومت کا ضم شدہ اضلاع کے لئے این ایف سی ایوارڈ میں تین فیصد حصے کا مطالبہ۔ مشیر اطلاعات
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلی محمود خان نے نیشنل اکنامک کونسل اجلاس میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اجمل وزیر
وزیراعظم کی صوبہ سندھ اور بلوچستان کو اپنے وعدے کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے تحت ضم اضلاع کو تین فیصد دینے کی ہدایت۔ اجمل وزیر
کورونا کے خلاف وزیراعلی محمود خان فرنٹ لائین پر لیڈ کر رہے ہیں۔ اجمل وزیر
حکومت کی ترجیح عوام کو ریلیف دینا اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔ مشیر اطلاعات


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلی کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس میں خیبر پختون خوا حکومت نے ضم شدہ اضلاع کے لئے این ایف سی ایوارڈ کا تین فیصد حصہ دلوانے کی بات بھرپور انداز میں اٹھائی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیر اعظم کو صوبوں کی جانب سے ضم شدہ اضلاع کے لئے تین فیصد حصہ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں نے ضم شدہ اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ میں تین فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا تھا جبکہ اب پنجاب کے علاوہ سندھ اور بلوچستان ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے صوبہ سندھ اور بلوچستان کو اپنے وعدے کے مطابق ضم اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ میں سے تین فیصد حصہ دینے کی ہدایت کی اور ضم شدہ اضلاع کی تیز ترقی کے لئے وزیراعظم نے وفاق کی طرف سے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اجمل وزیر نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ جلد از جلد کیا جائیگا۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں ضم اضلاع میں ترقی کا تیز تر عمل جاری ہے اور ضم اضلاع کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کیے جائینگے۔اجمل وزیر نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 1 لاکھ 66 ہزار 387 کارروائیاں کی گئی ہیں، جن میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر اکتالیس ہزار 5 سو 63 یونٹس /کاروباروں کو وارننگ جاری کئے گئے ہیں جبکہ 3219 یونٹس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 87 لاکھ 78 ہزار 980 روپے جرمانے وصول کئے گئے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں کورونا کا استعداد کار مزید بڑھایا جارہا ہے جس کے لئے پہلے سے ہی اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کسی قسم کا سمھجوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کاروباری حضرات کو ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور کاروباری حضرات کے تعاون سے ہی ہم اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ حکومت نے کورونا کا بھی مقابلہ کرنا ہے اور معیشت کا پہیہ بھی چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف وزیراعلی محمود خان فرنٹ لائن سے لیڈ کررہے ہیں، وزیراعلی تمام انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سٹاف جو قربانیاں دے رہے ہیں پوری قوم انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔موجودہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا ہونے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول کا معاملہ بھی وفاقی حکومت کیساتھ اٹھایا گیا ہے جبکہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا پٹرول کی ترسیل کے حوالے سے سیکرٹری پیٹرولیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف تمام اضلاع کی انتظامیہ بھرپور ایکشن میں ہے، اور جو پیٹرول پمپس مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کو سیل بھی کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی ترجیح عوام کو ریلیف دینا اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
36493