Chitral Times

Jun 21, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ بھر میں رمضان سستا بازار قائم کئے جائیں، ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروایی کی جایے۔ چیف سیکریٹری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت ماہ رمضان سے متعلق جائزہ اجلاس آج یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ داخلہ،سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری انڈسٹریز اور سیکرٹری صحت سمیت تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور یوٹیلٹی سٹور حکام نے شرکت کی- ماہ رمضان میں مرستیال ایپلیکیشن کے ذریعے رپورٹنگ، تحصیل سطح پر رمضان بازار کا قیام، رمضان ریلیف پروگرام کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز اور ٹرک کے ذریعے سستی اشیائے خوردونوش کی فروخت بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے اجلاس کو بتایا کہ ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اورزائدالمیعاد اشیاء کی فروخت سمیت دیگر مضرصحت اقدام اٹھانے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہ رمضان میں تحصیل سطح پر رمضان سستا بازار قائم کئے جائیں جس پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور نے ضلع بھر میں پہلے سے ہی 17 فوڈ سٹالز بنائے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان سے پہلے رمضان ریلیف کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے۔ ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی ڈپٹی کمشنرز کو نرخنامے کی چیکنگ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پرائس ریویو میٹنگ کے انعقاد کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو سستا بازار سمیت دیگر بازاروں کے دورے کرنے اور بازاروں میں اشیائے خوردونوش اور نرخ وغیرہ کی چیکنگ سے متعلق ہدایات جاری کردیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ماہ رمضان سے متعلق سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
59631