Chitral Times

Jun 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی کے مختلف عدالتوں کے ججز کی تعداد میں 100 مزید ججز کا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ سالہا سال سے زیر التواءکیسز جلد نمٹائے جاسکیں۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی کے مختلف عدالتوں کے ججز کی تعداد میں 100 مزید ججز کا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ سالہا سال سے زیر التواءکیسز جلد نمٹائے جاسکیں۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے عدلیہ کو مضبوط بنانے پر کام کر رہی ہے،  مختلف عدالتوں کے ججز کی تعداد میں 100 مزید ججز کا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ سالہا سال سے زیر التواءکیسز جلد نمٹائے جاسکیں اور عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ  لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی میں وکلاءبرادری کا کردار کلیدی ہے، موجودہ نظام کو بہتر بنانے کے عمل میں وکلاءسمیت تمام اسٹیک ہولڈرز صوبائی حکومت کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ ایسا نظام تشکیل دیا جائے جس میں صرف آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی بینچ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔

 

تقریب میں وزیر اعلیٰ  علی امین گنڈاپور کو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈی آئی خان کی اعزازی ممبرشپ بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ امید ہے نو منتخب کابینہ وکلاءبرادری کی فلاح و بہبود اور قانون کی بالادستی کے لئے فعال کردار ادا کرے گی۔ رول آف لاءاور فوری انصاف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں سر فہرست ہیں اور صوبائی حکومت اسی وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے کیسز کی نوعیت کے مطابق ان کی ڈسپوزل کے لیے ٹائم لائنز مقرر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کم سے کم مدت میں کیسز نمٹائے جائیں، اس سلسلے میں وکلاءاور عدلیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمارا صوبہ غریب نہیں بلکہ وسائل سے مالامال ہے اور موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی کے لئےان وسائل کے موثر اور بہتر استعمال پر کام کر رہی ہے۔

 

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ صوبہ سستی بجلی اور گیس پیدا کرکے مہنگی خریدنے پر مجبور ہے، خیبر پختونخوا سب سے زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے لیکن اس کے باوجود یہاں بد ترین لوڈشیڈنگ ہے۔لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے واپڈا کو صوبے کے لوگوں کو ریلیف دینا ہوگا۔ بجلی کی مد میں ہمارے واجبات بھی نہیں مل رہے، ہم وفاق سے صوبے کے حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں اور صوبے کی وکلاءبرادری اس جدوجہد میں صوبائی حکومت کا بھر پور ساتھ دے۔  صوبے کے حقوق کا حصول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے عوام بہت جلد  تبدیلی محسوس کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی وکلاءبرادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے وکلاءکی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے انصاف لائرز فورم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سخت وقت میں پارٹی کا بھر پور ساتھ دینے پر وہ انصاف لائرز فورم کے شکر گزار ہیں۔

chitraltimes cm kp ali amin gandapur administering oath DI khan bar association cabinet 1

 

 

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے لکی مروت میں بارشوں اور تیز آندھی سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے آندھی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
88680