Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت نے گرلزسکولوں کے تقاریب میں‌مردحضرات کے داخلے پر پابندی لگادی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مشیر تعلیم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ گرلز سکولوں میں مثالی تعلیمی ماحول یقینی بنانے،گرلز سکولوں میں خواتین ممبران اسمبلی اور زندگی کے مختلف شعبوں میں رول ماڈل خواتین کو تقریبات میں بلانے اور گرلز سکولوں میں مرد حضرات کے داخلے پر پابندی لگانے کے حوالے سے صوبے بھر میں اقدامات کئے جائیں۔چترال ٹائمز ڈاٹ کام ذرائع کے مطابق یہ ہدایات گزشتہ دن اُنہوں نے مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اﷲ بنگش کو دیں۔ اُنہوں نے کہاکہ گرلز سکولوں میں سالانہ اور دیگر سماجی تقریبات کی سوشل میڈیا پر تشہیر کی حوصلہ شکنی اوربچیوں کو اپنے اقدار معاشرتی فہم و فراست کا شعور اور تعلیم دینے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ مشیر تعلیم نے ان احکامات پر صوبے بھر میں عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دریں اثنا مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے خیبرپختونخوا کے تمام گرلز سکولوں بشمول خواتین اسپورٹس مقابلوں کی تقریبات میں مرد حضرات کی بطور مہمان خصوصی دعوت یا شرکت پر پابندی لگا دی ہے۔ مشیر تعلیم نے مذکورہ پابندی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر لگائی ہے اور اس ضمن میں صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ گرلز سکولوں میں جتنی بھی تقریبات ہونگی اُن میں خواتین ایم پی ایز یا خواتین اعلیٰ افسران بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی اورگرلز سکولوں میں مرد حضرات کا داخلہ بند ہو گا۔چترال ٹائمز ڈاٹ کام ذرائع کے مطابق انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرلز سکولوں کی تقریبات یا کسی پروگرام میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی مدعو نہ کیا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاہے کہ گرلز سکولوں کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر بھی مشتہر نہ کیا جائے اورخواتین سکولوں میں ہر قسم کی تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
15046