Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت نےاگلے مالی سال کیلئے ترقیاتی منصوبہ بندی پرعملی کام شروع کردیا..چیف سیکریٹری

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایات پر صوبائی حکومت نے ابھی سے اگلے مالی سال کے لئے ترقیاتی منصوبہ بندی پر عملی کام شروع کردیاہے اور اس سلسلے میں مختلف محکموں نے اپنے اپنے نئے ترقیاتی منصوبوں کے کوائف محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو ارسال کرنا شروع کردیے ہیں۔ اب تک محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کو موصول ہونے والے ترقیاتی منصوبوں میں 19 مختلف محکموں کے کل 219 منصوبے شامل ہیں جنھیں باقاعدہ منظوری کے لئے متعلقہ فورم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ترقیاتی منصوبہ بندی کی تیاری پر اتنا بروقت کام کا آغاز صوبائی حکومت کی تاریخ میں اسے قبل کبھی نہیں ہوا۔ یہ بات چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی زیر صدارت منگل کے روز سول سیکریٹریٹ پشاور میں منعقدہ سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل احمد کے علاوہ تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے اگلے مالی سال کے لئے ترقیاتی منصوبہ بندی پر بروقت کام شروع کرنے کے سلسلے میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی تعریف کرتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دیگر مجوزہ منصوبوں کے کوائف بھی جلدی سے محکمہ منصوبہ بندی کو ارسال کردیں۔اجلاس کو تیز رفتار ترقیاتی عمل کے تحت قبائلی اضلاع میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی تیز رفتار ترقی کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست قرار دیتے ہوئے انتظامی سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کو ہر صورت میں یقینی بنائیں تاکہ قبائلی اضلاع کے عوام جلد سے جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ اجلاس کو صوبے کے مجموعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کے لئے جاری شدہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گذشتہ تین مہینوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری شدہ فنڈز کے استعمال کی شرح میں نمایاں بہتری آگئی ہے اور قوی امید ہے کہ تمام محکمے رواں مالی سال کے اختتام تک جاری شدہ فنڈز کے 100فیصد استعمال کو یقینی بنانے میں کامیاب ہونگے۔ چیف سیکرٹری نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری شدہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت کی کہ وہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے ابھی سے مناسب اقدامات اٹھانا شروع کریں تاکہ مالی سال کے ختم ہونے پر جاری شدہ فنڈز کا 100 فیصد استعمال یقینی بنایا جاسکے اور اس طرح عوامی مفاد کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل بھی ممکن ہو سکے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31881