Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اضلاع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پلے گراﺅنڈ ز کے قیام اور کھیلوں کی دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔وزیراعلیِ 

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اضلاع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پلے گراﺅنڈ ز کے قیام اور کھیلوں کی دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔وزیراعلیِ

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کو اپنی حکومت کی ترجیحات کااہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اضلاع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پلے گراﺅنڈ ز کے قیام اور کھیلوں کی دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے اربوں روپے مالیت کے متعدد منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی اور اس طرح نوجوانوں کی صلاحیتیں مثبت سرگرمیوں میں صرف ہوں گی اور ایک صحت مند معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بدھ کے روزیونین کونسل کی سطح پر پلے گراﺅنڈز کے قیام سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں یونین کونسل کی سطح پر پلے گراﺅنڈ ز تعمیر کرنے کے منصوبے پر اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور ان پلے گراﺅنڈ ز کی تعمیر کیلئے موزوں اراضی کے حصول کا طریقہ کار اور منصوبے پر عمل درآمد سمیت دیگر متعلقہ اُمور سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹر ی سپورٹس محمد طاہر اورکزئی، سیکرٹری پلاننگ شاہ محمود، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خالد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ منصوبے کے مختلف پہلوﺅں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ منصوبہ تقریباً تین ارب روپے کی لاگت سے مالی سال 2024-25 میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت یونین کونسل کی سطح پر دو مختلف کیٹگریز کے پلے گراﺅنڈ تعمیر کئے جائیں گے ، پہلی کیٹگری کے پلے گراﺅنڈ زجن کیلئے زمین کی خریداری درکار ہو، 28 ملین روپے کی لاگت جبکہ دوسری کیٹگری کے پلے گراﺅنڈ جن کیلئے زمین کی خریداری درکار نہ ہو 15 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے ۔

 

مزید بتایا گیا کہ منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق ہر یونین کونسلز میں ایک پلے گراﺅنڈ تعمیر کیا جائے گا تاہم ضرورت کی بنیاد پر بعض یونین کونسل میں ایک سے زیادہ پلے گراﺅنڈ ز بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو صوبائی حکومت کی اسپورٹس پالیسی کی روشنی میں نوجوانوں کو اُن کی دہلیز پر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر بروقت عمل درآمد شروع کرنے اور اس کی مقررہ مدت کے اند ر تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقرر کر کے اُن کے مطابق عملی پیشرفت کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ صوبے کے نوجوان بغیر کسی تاخیر کے کھیلوں کی ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ اُنہوںنے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ ان پلے گراﺅنڈز کی تعمیر کیلئے موزوں اراضی کی نشاندہی اور خریداری سمیت منصوبے پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اسپورٹس کے حکام کو ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام اسی سال جولائی کے آخر تک مکمل کرنے کیلئے بھی ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت، کھیل اور اُمور نوجوانان کے اُمور کو مزید بہتر انداز میں چلانے کیلئے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں کھیل اور اُمور نوجوانان کو محکمہ سیاحت سے الگ کرکے ایک الگ محکمے کا درجہ دینے کی تجویز پر غور کیا گیا تاکہ ان الگ الگ شعبوں کے اُمور مزید بہتر اور پیشہ وارانہ انداز میں انجام دیئے جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ایک مہینے کے اندر قابل عمل پلان تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کو بھی دو الگ محکموں میں تقسیم کرنے کیلئے ہوم ورک تیار کرنے کی ہدایت کی ۔

 

 

دریں اثنا بنوں سے تعلق رکھنے والے محنت کش نوجوان گانا سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے محنت کش اور باصلاحیت نوجوان آصف کو وزیر اعلی ہاوس بلا لیا۔ وزیر اعلی نے محنت کش نوجوان کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں مالی امداد کا چیک دیا۔ نوجوان آصف محنت مزدوری کرکے اپنا گزر بسر کرتا ہے اور شوقیہ طور پر گانا گاتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے محنت کش نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے محکمہ ثقافت کو ضروری اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلی سے ملاقات کے موقع پر نوجواں نے وزیر اعلی سے چیرمین پی ٹی آئی عمران سے ملاقات کروانے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر وزیر اعلی نے عمران خان سے انکی ملاقات کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ نوجواں آصف نے سی ایم ہاوس بلانے اور مالی امداد کرنے پر وزیر اعلی محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔

chitraltimes cm kpk giving cheque to asif of banu


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62103