Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کیلئے اقدامات کررہی ہے..وزیراعلیٰ‌ جی بی

شیئر کریں:

صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ استور روڈ کی بحالی کیلئے پاک فوج کے تعاون سے کام کیا جارہاہے،وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن
.
گلگت(آئی آئی پی) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ استور روڈ کی بحالی کیلئے پاک فوج کے تعاون سے کام کیا جارہاہے۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں الرٹ کیا گیاہے۔ متاثرہ علاقوں میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ کمیٹی کی سفارشات پر جن لوگوں کو ٹینٹ درکار ہیں فراہم کئے جارہے ہیں۔ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے لیکن آزمائش اور مشکل کی گھڑی میں ہمیں بحیثیت قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ جگلوٹ، استور اور بونجی میں ٹینٹ فراہم کئے گئے ہیں اور مقامی سطح پر تشکیل دیئے جانے والے کمیٹیوں کی نشاندہی پر ٹینٹ فراہم کئے جارہے ہیں۔ صوبائی حکومت زلزلہ متاثرین کیساتھ کھڑی ہے۔جن علاقوں کے روڈ بلاک ہوئے ہیں وہاں پر افواج پاکستان کے تعاون سے بذریعہ ہیلی کاپٹر امدادی اشیا اور ٹینٹ فراہم کئے جارہے ہیں۔ زلزلہ متاثرین کی امداد اور متاثرہ علاقوں کی بحالی میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہاہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کئے جانے والی پالیسی کے مطابق مالی نقصانات کے معاوضے دیئے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک ارب کی خطیر رقم سے ہیوی مشینری گلگت بلتستا ن ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو فراہم کی جو تمام اضلاع کو دی جاچکی ہے۔ گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کا انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جاچکا ہے جس میں تقریبا 50 کروڑ سے زیادہ کا رقم موجود ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت کے پاس وسائل موجود ہے۔ فنڈز کیلئے وفاقی حکومت کی طرف نہیں دیکھا جارہاہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ قدرتی آفات میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر انسانی جذبے کے تحت متاثرین کی خدمت کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جگلوٹ اور بونجی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر زلزلہ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے بونجی میں قائم ٹینٹ ویلج کا دورہ کیا اور متاثرین سے مسائل دریافت کئے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے بونجی میں زلزلے سے متاثرہ علاقے کے دورے کے موقع پر بونجی کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ بونجی آر سی سی پل سمیت دیگر منصوبوں پر جاری کام کو جلد از جلد کام مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ آئندہ مالی سال کے اے ڈی پی میں بونجی ہسپتال کو 30 بیڈ ہسپتال اپ گریڈ کیا جائے گا۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ اور امدادی اداروں کو الرٹ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جگلوٹ میں بھی زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور زلزلہ متاثرین سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو زلزلہ متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زلزلہ متاثرین کی امداد اوربحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جگلوٹ دورے کے موقع پر زلزلہ سے متاثرین ہسپتال کا معائنہ کیا اور محکمہ تعمیرات کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ جگلوٹ میں نئے ہسپتال کے کام کوجلد از جلد مکمل کیاجائے۔
.

وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن اور فورس کمانڈر ایف سی این اے میجرجنرل احسان محمود نے استور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
دریں‌اثنا وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور فورس کمانڈر ایف سی این اے میجرجنرل احسان محمود نے استور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور فورس کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود نے متاثرین کی امداد اوربحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ افواج پاکستان کے تعاون سے زلزلہ متاثرین کی امداد اور استور روڈکی بحالی کیلئے جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے زلزلہ متاثرین کی مدد اوربحالی کیلئے افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ افواج پاکستان نے ہرمشکل وقت میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے استور کے دور افتادہ علاقوں میں زلزلہ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان افواج پاکستان کے تعاون سے زلزلہ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ جن علاقوں میں زلزلے کی وجہ سے روڈ بلاک ہوا ہے وہاں پر افواج پاکستان کے تعاون سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی اشیا اور ٹینٹ پہنچائے گئے ہیں۔ نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہاہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ پالیسی کے مطابق نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
.
.
یونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، گلگت بلتستان کے طلبا کے 80 رکنی وفد نے وائس چانسلریونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، گلگت بلتستان محمد نعیم خاں عباسی کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا
.
لاہور(چترال ٹائمزرپورٹ) یونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، گلگت بلتستان کے طلبا کے 80 رکنی وفد نے وائس چانسلریونیورسٹی آف بلتستان، سکردو، گلگت بلتستان محمد نعیم خاں عباسی کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ڈی جی پارلیمانی افیئرز عنایت اللہ لک نے وفد کا والہانہ استقبال کیا۔ ڈی جی نے کہا کہ ہمارے سٹوڈنٹس کا وژن غیر ملکی سٹوڈنٹس کی نسبت زیادہ وسیع ہے بشرطیکہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔ڈی جی نے امید ظاہر کی کہ وفد میں شریک تمام طلبا اپنی عملی زندگی میں ملکی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔عنایت اللہ لک نے طلبا کو پنجاب اسمبلی کی تاریخ اور قانون سازی کے حوالے سے مکمل بریفننگ دی۔انہوں نے مطالعاتی وفد کے طلبا کو پنجاب اسمبلی کا ایوان،مختلف شعبہ جات اور نئی اسمبلی بلڈنگ کا ماڈل بھی دیکھا یا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کی لائبریری سے متعلق بریفنگ میں طلبا کو بتایا کہ اس وقت لائبریری میں چھیاسٹھ ہزار کتب موجود ہیں۔عنایت اللہ لک نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ کی تعمیر سے اسمبلی کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے تاہم رومن طرز تعمیر کی موجودہ تاریخی عمارت کو محفوظ رکھا جائے گا۔انہوں نے طلبا کو اسمبلی کی ساخت’ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی کارکردگی اور اسمبلی قوانین کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ 2003 سے اس کے تمام اجلاس اسمبلی کی ویب سائٹ پر براہ راست دیکھائے جاتے ہیں۔ طلبا نے اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں گہری دلچسپی لی اور ڈائریکٹر جنرل، پنجاب اسمبلی سے مختلف سوالات کیے۔ جن کے انہوں نے جوابات دیے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت زیر تعمیرہے جس کا کام تیزی سے جاری ہے اور انشا اللہ اسی سال نئی عمارت میں اجلاس منعقد ہوگا۔انہوں ے نے طلبا کو اسمبلی کی تاریخ کے بارے میں بھی بتایا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
30855