Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 15 پراجیکٹس کی منظوری دیدی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ)صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی PDWP)نے90122.674 ملین روپے کی لاگت سے15 پراجیکٹس کی منظوری دیدی۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت منگل کے روز منعقدہ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں دی گئی اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں بشمول پانی، سڑکوں اور پلوں، داخلہ، کثیر شعبہ جاتی ترقی, ریلیف اور بحالی توانائی و برقیات، ابتدائی وثانوی تعلیم، اعلی تعلیم اور صحت کے شعبوں سے متعلق 24 پراجیکٹس پر تفصیلی غور و خوض کے بعد 15 منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔ دومنصوبوں کو کلئیر کرکے اس سے متعلق سفارشات وفاقی حکومت کو منظوری کے لئے بھیج دی گئیں۔جبکہ سات پراجیکٹس کو مؤخر کرکے اصلاح کے لیے متعلقہ محکموں کو واپس بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ اجلاس میں پانی کے شعبے میں کلکوٹ ضلع دیر بالا میں آبپاشی چینل کی فراہمی اور سابقہ فاٹا میں واٹر کورسز کی لائننگ بہتری کے لیے نیشنل پروگرام کی منظوری دی گئی اسی طرح سڑکوں اور پلوں کے کے شعبے میں بندوبستی اضلاع کے ساتھ ضم شدہ اضلاع کے مغربی اور مشرقی رابطوں اور اہم لنکس کے استحکام کی منظوری دی گئی جن کی ذیلی مدات میں شگئی علیزئی مین براگ سے تخت موڑ روڈ 5کلومیٹر کی تعمیر اور پختہ بنانے، براستہ ڈھیرئی روڈ، ڈنڈو برٹراس ارنگ پجیگرام کی تعمیر اور پختہ بنانے 07کلومیٹر، تحصیل وڑا ماموندمیں بنڈاگئی روڈ کی تعمیر اور پختہ بنانے، نارنج سے غر گوسرروڈ 04کلومیٹر کی تعمیر اور پختہ بنانے، تنگ خٹہ ڈھیرئی روڈ02کلومیٹر کی تعمیر اور پختہ بنانے،جنوبی وزیرستان میں 16کلومیٹر پختہ سڑکوں کی تعمیر، ضم شدہ اضلاع میں RCCپلوں کی تعمیر، شادمان روڈ سے زوار خان کوٹ غاوکہ لمن تک05کلومیٹر پختہ سڑکوں کی تعمیر اور IDAکی امداد سے سوات ایکسپریس وے چکدرہ سے فتح پور دوسرا مرحلہ کی فیزیبلٹی ڈیزائن تفصیلی انجنیئرنگ اور تعمیر جبکہ محکمہ داخلہ کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں 26اکتوبر 2015کے زلزلے کے باعث نقصان زدہ جیلوں کی دوبارہ تعمیر نو کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبے میں ٹھیکیداروں کے طے شدہ واجبات، اراضی کے معاوضے اور غیر کیش شدہ چیکوں کی فراہمی اور کوہاٹ ڈویژن ترقیاتی پراجیکٹ کیلئے تیل اور گیس رائلٹی کے دس فیصد فنڈ سے پراجیکٹس کو بلاک فراہمی کے منصوبوں کی منظوریاں دی گئیں۔ جن کے ذیلی مدات میں 619ملین روپے کی لاگت سے کوہاٹ ڈویژن کیلئے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ اورتین ڈسٹرکٹ منیجمنٹ PIUیونٹس کے قیام، 1408ملین روپے کی لاگت سے کوہاٹ ایریا ترقیاتی پراجیکٹ 9686.580ملین روپے لاگت سے کرک ایریا ترقیاتی پراجیکٹ 5441.400ملین روپے لاگت سے ہنگو ایریا ترقیاتی پراجیکٹ شامل ہیں۔ مزید برآں ریلیف اور بحالی کے شعبے میں شراکتی لاگت کی بنیا د پر فنڈز کے زریعے سکیموں کو بلاک کی فراہمی لوکل حصہ 30فیصد، غیر ملکی حصہ 70فیصد، ADBامداد کی منظوری دی گئی۔ جس کی ذیلی مدات میں ایمر جنسی ریسکیو سروسز (ریسکیو 1122) خیبر پختونخوا کے آپریشنل اضلاع کے استحکام اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور توانائی اور برقیات کے شعبے میں انرجی اور پاور کے شعبے کیلئے استعداد میں اضافے کے پروگرام جبکہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم کے شعبے میں ہری پور میں لڑکیوں کیلئے پائلٹ ہائی سکول کی ری ماڈلنگ، دوبارہ ڈیزائننگ اور بحالی اور صحت کے شعبے میں سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سوات کے سٹاف ہاسٹلز کی تعمیر اور سیدو میڈیکل کالج میں ایک ہاسٹل 60کمرے، دو لیکچر تھیٹر، لیبارٹریز اور آڈیٹوریم کی تعمیر کی منظوریاں دی گئی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31691