Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کاجنسی ہراسیت کیس میں ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے، 25 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم

Posted on
شیئر کریں:

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا جنسی ہراسیت کیس میں ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے، 25 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنسی ہراسیت کیس میں ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے سمیت 25 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا،صدر مملکت کی جانب سے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت بمقام ِ کار کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ” ملازمت سے برطرفی” کی بڑی سزا برقرار، جبکہ جرمانہ بڑھا کر 20 سے 25 لاکھ روپے کر دیا۔ ہفتہ کو ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اپنے حکم میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر ثابت ہو چکا کہ خاتون ملازم کو ملزم کی جانب سے زبانی، فحش، جنسی اور توہین آمیز تبصروں اور ناجائز مطالبات کے ذریعے ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ایسے کیسز سامنے آتے ہیں اور بلا شک و شبہ ثابت ہوجاتے ہیں تو قانون کی پوری طاقت کا استعمال کرتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کیلئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں، ہراسیت کے خوف کی وجہ سے خواتین کی دب جانے والی اقتصادی صلاحیتوں کوبروئے کار لانے کیلئے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

 

ڈاکٹر عارف علوی نے خاتون کو دی جانے والی رقم ملزم کی تنخواہ کے بقایا جات، پنشن کی رقم یا کسی دوسرے ذریعہ (جائیداد) سے وصول کرنے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ ہراسیت بمقام ِ کار ایکٹ کے تحت 25 لاکھ روپے کی رقم خاتون کو ملزم کے ہاتھوں مشکلات کے بدلے معاوضے کے طور پر دی جائے۔ ملزم مقدمے کی کارروائی کے دوران بھی خاتون شکایت کنندہ کے خلاف درخواستیں دائر کرکے ہراساں کرتا رہاہے۔انہوں نے کہا کہ ملزم نے خاتون ملازم کو شدید ذہنی اذیت دی، اس کی ساکھ کو داؤ پر لگایا،ملزم کا فعل واضح مثال ہے کہ کن طریقوں سے خواتین کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے فیصلہ میں مزید کہا کہ ہراسیت کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد معاشرے میں ہونے والی بحث کے مقابلے میں بہت کم ہے،خواتین ممکنہ ہراسیت کی وجہ سے آزادانہ کام کرنے سے قاصر ہیں، خواتین کیلئے عوامی جگہیں کم کر دی گئی ہیں اور ان کو تعلیم کے حق سے بھی بعض اوقات محروم رکھا جاتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بعض والدین تعلیمی اداروں میں ممکنہ ہراسیت کے خوف کی وجہ سے انہیں صرف لڑکیوں کے اداروں میں تعلیم دلانے پر ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں خواتین زیادہ تر کم تعلیم یافتہ ہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین شدید بے روزگار، مالی طور پر مجبور اور وراثت کے حق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ملازمت میں ترقی کے وقت بھی امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہاسلام نے خواتین کو بہت زیادہ عزت دی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلام خواتین کو فائدہ مند پیشوں اور روزگار کے حصول کا حق دیتا ہے، اسلام خواتین کو محفوظ ، باوقار اور باعزت مقامِ کار کی فراہمی یقینی بنانے کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی زوجہ محترمہ بی بی خدیجہؓ ایک کاروباری خاتون تھیں۔ حضرت عمر ؓنے الشفاء بنت عبداللہ ؓ کو بازار کا نگران مقرر کیا، احتساب عدالت اور مارکیٹ انتظامیہ کا قلمدان سونپا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حضرت ام کلثوم بنت علیؓکو ملکہ روم کے دربار میں سفارتی مشن پر بھیجا گیا۔ حضرت عائشہ ؓ، ام سلیم ؓسمیت بہت سی مسلمان خواتین نے جنگوں میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ صحابیات ؓنے جنگوں کے دوران رسول اللہ ﷺکی حفاظت کے ساتھ ساتھ زخمیوں کا علاج کیا، امداد، پانی اور خوراک فراہم کی۔ صدرڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ آئین کے مطابق زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کی راہ ہموار کی جائے۔

 

 

ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 13074کلومیٹر سڑکوں اور 410پلوں کو نقصان پہنچا ہے، این ایف آر سی سی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر(این ایف آر سی سی)کے مطابق ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 13074کلومیٹر سڑکوں اور 410پلوں کو نقصان پہنچا ہے، سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سندھ کے علاقے قنبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیر پور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین جبکہ بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ، نصیرآباد،جعفر آباد،جھل مگسی،بولان،صحبت پور اور لسبیلہ سمیت خیبر پختونخوا کے دیر، سوات،چارسدہ،کوہستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان اورپنجاب میں ڈی جی خان اور راجن پور کے علاقے شامل ہیں۔پاک فوج کی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری تیزی سے جاری ہیں۔ متاثرین کے انخلا کے لئے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی اب تک627 پروازیں کی گئیں۔ اب تک ہیلی کاپٹروں کی مدد سے 4659افرادکو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں پاک فوج کے147ریلیف کیمپس اور157 ریلیف کولیکشن پوائنٹس کام کر رہے ہیں۔

 

این ایف آر سی سی کے مطابق اب تک 11131.0 ٹن راشن اور اشیائے ضرورت کے ساتھ 12469435 اقسام کی ادویات جمع کی جا چکی ہیں تاہم 11041.7 ٹن خوراک، 1919.2 ٹن اشیائے ضرورت اور 12410535ادویات تقسیم کی جا چکی ہے۔ پاک فوج کے300سے زیادہ میڈیکل کیمپس میں 6لاکھ20 ہزار19متاثرین کا علاج معالجہ، مفت ادویات کی بھی فراہمی جاری ہے۔ پاک بحریہ کے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیثن سنٹر اور 18سنٹرل کولیکشن پوائنٹس بھی متحرک ہیں، بحریہ کی جانب سے 1886ٹن راشن، 6839خیمے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔پاک بحریہ کی23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں مختلف اضلاع میں مصروف عمل ہیں اور اب تک 15568افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمز54 موٹرائزڈ کشتیوں اور2 ہوور کرافٹس کے ساتھ کام کر رہی ہیں،اندرون سندھ میں پاک بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹر بھی مصروف عمل ہیں۔ اب تک پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرزنے 69پروازوں کی مدد سے 479 افراد کو ریسکیو کیا۔پاک نیوی کے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے5333 پیکٹس راشن بھی تقسیم کیاگیا۔

 

پاک بحریہ کی8 غوطہ خور ٹیموں کے متاثرہ علاقوں میں 28 ڈائیونگ آپریشنزکئے گئے۔ پاک نیوی کے90 میڈیکل کیمپس میں 106801مریضوں کو سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے اب تک6593 خیمے اور خوراک کے639631 پیکٹس تقسیم کئے گئے۔اس کے علاوہ پی اے ایف نے 289193لٹر صاف پانی بھی متاثرین کوفراہم کیا۔پاک فضائیہ کے 46 میڈیکل کیمپش میں 74448مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔پاک فضائیہ کی 20خیمہ بستیوں میں 19807افراد کو رہائش فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ پی اے ایف نے 54 ریلیف کیپمس اور 3ایوی ایشن حبز بھی قائم کئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے طیاروں ا ور ہیلی کاپٹرز کی265 پروازوں کی مدد سے1521 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ این ایف آر سی سی نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی۔سبی میں 40اور خان پور میں 39ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے تاہم ہفتہ کی رات کو خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
66516