Chitral Times

Jun 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحت مند طرز زندگی اور صحت مندغذا سے ذیابیطس جیسے مہلک مرض پرقابوپایاجاسکتاہے،گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

صحت مند طرز زندگی اور صحت مندغذا سے ذیابیطس جیسے مہلک مرض پرقابوپایاجاسکتاہے،گورنر حاجی غلام علی

گورنر کی عمرذیابیطس فاؤنڈیشن کے زیراہتمام گورنرہاوس میں ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

گورنر کا ذیابیطس کی مرض سے آگاہی کے حوالے سے واک میں بھی شرکت،مریضوں کی مفت علاج معالجے، ادویات اورانسولین کی مفت فراہمی پرفاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صحت مند طرز زندگی اور صحت مندغذا کو اپنانے سے ذیابیطس جیسے موذی اورمہلک مرض پرقابوپایاجاسکتاہے۔ ذیابیطس ایک خاموش قاتل ہے، اس بیماری کی تشخیص اور اس کا مناسب انتظام وقت کی ضرورت ہے۔ ذیابیطس صحت کا ایک سنگین چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے طرز زندگی کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ذیابیطس کی روک تھام کے نتیجہ میں دیگر بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کیا جاسکتا ہے اور اس ضمن میں مخیرحضرات کو انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل فلاحی اداروں کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون کرناہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کے روز گورنرہاوس پشاور میں عمرذیابیطس فاؤنڈیشن کی جانب سے ذیابیطس کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں عمرفاؤنڈیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) میاں محمداجمل، سی ای او ڈاکٹرعمروہاب، پروفیسر ڈاکٹر ابرار احمد، ڈاکٹر شیخ فہد فلاح، اراکین بورڈآف ڈائریکٹرز،ماہرین ذیابیطس، سماجی وسیاسی شخصیات اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے عمرفاؤنڈیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) میاں محمداجمل،پروفیسر ڈاکٹر ابراراحمد اور سی ای او ڈاکٹر عمروہاب نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے فاؤنڈیشن کے اغراض ومقاصد پرتفصیلی روشنی ڈالی اور ادارے کی کامیابیوں اور ذیابیطس کے مرض کی روک تھام کیلئے کی جانیوالی کوششوں سے گورنراوردیگرشرکاء کو آگاہ کیا۔عمرفاؤنڈیشن اسلام آباد، پشاور اور مظفر آباد میں اپنی خدمات سرانجام دے رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ذیابیطس کے پھیلاؤ کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں 3 کروڑ سے زائد ذیابیطس کے مریض ہیں۔تقریباً ہر چوتھا فرد شوگر کے مرض میں مبتلا ہے۔

 

ذیابیطس کی خطرناک صورتحال اندھے پن، متاثرہ حصوں کو کاٹنے، گردوں کے فیل ہونے، دل کا دورہ پڑنے کا سبب بھی بن سکتی ہے جس کی روک تھام کیلئے عمرذیابیطس فاؤنڈیشن جیسے فلاحی ادارہ غریب عوام کومفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کررہی ہے اور اب تک تقریباً 40 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیاجاچکاہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے، عمرفاؤنڈیشن صحت مندمعاشرے کی تکمیل اور شوگر کے مکمل خاتمے کے لئے بے لوث مفت علاج معالجہ کی خدمات فراہم کررہاہے جوکہ نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ شوگر کے خاتمے کیلئے ایک عملی جدوجہد بھی ہے۔دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار سمجھنے والے افراد وادارے معاشرے میں باوقار مقام رکھتے ہیں۔عمرفاونڈیشن کی طرح ملک بھر میں موجودفلاحی ادارے خدمت کے ساتھ ساتھ عبادت بھی کررہے ہیں۔ گورنرنے عمرفاؤنڈیشن کی جانب سے ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی اورغریب مریضوں کی مفت علاج معالجے، ادویات اورانسولین کی مفت فراہمی پرفاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ شوگر کے علاج اور آگاہی کیلئے اس ادارے کی خدمات کوملک بھر میں متعارف کرائیں گے اور اس کی مکمل سرپرستی اور اس ادارے کے ساتھ تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی۔گورنرنے کہاکہ صحت منداورتوانا جسم کے برقراررکھنے کیلئے آج جتنی بھی ریسرچ ہورہی ہیں وہ سب کچھ پہلے سے وضو اور پانچ وقت کی نماز میں موجود ہے۔انہو ں نے کہاکہ ہمیں صحت مند رہنے کیلئے خود کو اور اپنے بچوں کوبسیارخوری سے پرہیزکرنے کے ساتھ معیاری خوراک پر توجہ دینی ہوگی۔ اس موقع پر ذیابیطس کی مرض سے آگاہی کے حوالے سے واک کاانعقاد بھی کیا گیا جبکہ تقریب کے آخرمیں ڈاکٹرزاوردیگر سٹاف کو شیلڈزدیے گئے جبکہ گورنرکو بھی ادارے کی جانب سے گیسٹ آف آنرشیلڈپیش کی گئی۔

chitraltimes governor kp attended awarness walk on diabates 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81581