Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شہرام خان ترکئی نے صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم کا قلمدان سنبھال لیا

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا قلمدان باقاعدہ طور پر سنبھال لیا۔پیر کے روز انہوں نے محکمہ کے تعارفی اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ندیم اسلم چوہدری نے انہیں محکمہ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسپیشل سیکرٹریز، چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ قیصر عالم، ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈپٹی ڈائریکٹرز، پروگرام منیجرز و دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ میں بھرتی کا عمل شفاف بنایا جائے گا۔ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹاکیاجائے گا جہاں وہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور ان کے مسائل بھی حل ہوں گے۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں نئے سکولوں کے قیام کے لیے بھی جامع پالیسی کے تحت کام کیا جائے گا اور بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت گزشتہ دور حکومت کی طرح تعلیم کے شعبہ پر خاص توجہ مرکوز کرے گی کیونکہ تعلیم کے بغیر نہ تو کوئی معاشرہ ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ملک۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ کورونا وباء کی وجہ سے طلبہ کا کافی وقت ضائع ہو چکا ہے جس کا مداوا کرنے کرنے لیے اب ہر سطح پر زیادہ کوشش اور سخت محنت کرنا پڑے گی جس کے لیے اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے حکام و ملازمین تیار رہیں۔ دریں اثناء وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی پشاور آمد پر کارکنوں نے پشاور موٹروے ٹول پلازہ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے نعرے لگائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پشاور کے عہدیداران اور کارکنان کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مجھے عزت دی۔ شہرام ترکئی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے مشن کے مطابق تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے کام کیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
40348